امریکہ نے 20سالہ جنگ اور افغانستان کی تعمیر نوپر اربوں ڈالر پھونک دئیے


واشنگٹن :(خواجہ فاروق)امریکہ نے 20سالہ جنگ اور افغانستان کی تعمیر نوپر اربوں ڈالر پھونک دئیے،امریکی انسپکٹر جنرل نے حتمی رپورٹ جاری کردی۔

افغان جنگ میں 763 ارب ڈالر خرچ کیے گئے،امریکہ کی مبینہ کوششوں کے باوجود افغان حکومت کو دوحہ مذاکرات میں نظرانداز کیا گیا ،نتیجے میں ریاستی ڈھانچے کی کمزوری پیدا ہوئی،2002 سے 2021 تک امریکہ نے افغانستان میں تعمیر نو کےلئے مجموعی طور پر 144.7 ارب ڈالر مختص کیے، 137.3 ارب ڈالر خرچ کیے گئے، اخراجات یورپ کے مارشل پلان سے بھی زیادہ ، افغان حکومتوں میں کرپشن تعمیر نو میں سب سے بڑی رکاوٹ رہی۔

رپورٹ کے مطابق افغانستان میں جاری جنگی کارروائیوں پر امریکہ نے 763 ارب ڈالر خرچ کیے، افغان سکیورٹی فورسز کےلئے 90 ارب ڈالر مختص کیے گئے، اربوں ڈالر کے باوجود غیر ملکی افواج پر انحصار ختم نہ ہوا ، امریکی انخلا کے بعد افغان فورسز تیزی سے بکھر گئیں،افغان سکیورٹی اداروں میں ہزاروں گھوسٹ ملازمین موجود ،فورسز کےلئے مختص ایندھن بڑے پیمانے پر چوری ہوتا رہا۔

امریکی رپورٹ کے مطابق افغان فورسز کےلئے گاڑیاں، ہزاروں عسکری آلات و ہتھیار فراہم کیے گئے،162 طیارے بھی شامل ہیں،انخلا کے بعد تمام سازوسامان افغانستان میں چھوڑ دیا گیا،ورلڈ ،ایشیائی ڈویلپمنٹ بینک نے 12.16 ارب ڈالر کے وعدے کیے تاہم انسداد منشیات پروگرام پر 7.3 ارب ڈالر خرچ ہونے کے باوجود غیر موثر ،سٹیبلائزیشن پروگرامز پر 4.7 ارب ڈالر خرچ ہونے کے بعد بھی نتائج مایوس کن رہے،افغان جنگ میں 2 ہزار 450 سے زائد امریکی فوجی ہلاک ،20 ہزار 700 زخمی ہوئے، امریکی انخلا کے بعد افغان مہاجرین کی امریکہ منتقلی کےلئے 14.2 ارب ڈالر مختص کیے گئے،سقوط کابل کے بعد 4سالوں میں طالبان حکومت کو 3.83 ارب ڈالر کی امداد فراہم کی گئی،صرف مارچ 2025 کی ایک سہ ماہی میں 120 ملین ڈالر شامل تھے۔

رپورٹ میں کہا گیا عالمی عطیہ دہندگان نے امریکی انخلا کے بعد 8.1 ارب ڈالر اقوام متحدہ کے تحت چلنے والے منصوبوں کو دئیے، افغان ری کنسٹرکشن ٹرسٹ فنڈ کے تحت 1.5 ارب ڈالر کے 6منصوبے فعال ہیں، طالبان حکومت امداد پر ٹیکس و لیویز وصول کرتی رہی۔