وزیر کو وارننگ،جواب دیا تو منہ چھپانے کے قابل نہیں رہے گا،محسن نقوی

لاہور:(سپیشل رپورٹر)وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے ایک وزیر آج کل روز ٹی وی پر آنے کیلئے میرے اوپر تبصرے کررہا ہے،میں نے جواب دیا تو منہ چھپانے کے قابل نہیں رہے گا۔

صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا اڑھائی سال سے متعلقہ وزیر کے تبصرے صبر سے سن رہا ہوں، جواب دیا تو مشکل ہوجائےگی،کاروباری شخصیات عزت دار شہری ،بزنس مین اتنے ہی برے ہیں تو ہر الیکشن میں اربوں کے پارٹی فنڈز کیوں لیے جاتے ہیں؟،وزیر داخلہ نے کہا بزنس مین وفاق ،مختلف شہروں کے چیمبرز کے صدور ،عہدیدار تھے،بزنس مین سب سے زیادہ ٹیکس ادا کرنے والوں میں شامل ہیں۔
وزیر بلدیات سندھ ناصر شاہ نے کہا ہے بلاول بھٹو کا موازنہ محسن نقوی سے نہ کیا جائے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ناصر شاہ نے کہا بلاول بھٹو صدر آصف زرداری،بےنظیر شہید کابیٹا ہے،اسلام آباد جانے پر سافٹ ویئر اپڈیٹ کرنے کی باتیں بے تکی ہیں،سندھ ایک ہے اور ایک ہی رہے گا، پی پی ریفرنڈم سے نہیں گھبراتی۔

صوبائی وزیر نے کہاصوبے کے معاملے پر وفاقی وزیر نے شوشا چھوڑ دیا جس کو سب پکڑ کر بیٹھے ہیں، کراچی کے اردو بولنے والے بھائیوں نے فیصلہ دےدیا سندھ کی تقسیم نہیں ہوگی۔

وزیر صحت اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما مصطفی کمال نے کہا ہے کراچی کو وفاق کا حصہ بنانے کی تجویز سامنے آئی تو بھرپور حمایت کریں گے،نئے صوبوں کے قیام کی جدوجہد سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

اپنے بیان میں مصطفی کمال نے کہا کوئی بھی سیاسی دبا ﺅنئے صوبوں کی تحریک سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹا سکتا،نئے صوبوں کا قیام آنے والی نسلوں کی بقا ، مستقبل سے جڑا ہے،دسمبر اہم مہینہ،معاملے پر آئندہ پیش رفت اگلے مالی سال کا بجٹ پیش ہونے سے پہلے ہونی چاہیے،بات چیت سرکاری سطح پر نہ ہورہی ہوتی تو اب تک کوئی نہ کوئی قوت رکوا چکی ہوتی۔

وزیر صحت نے کہاموجودہ حالات میں کسی ایک سیاسی جماعت کی بجائے ریاست کو بچانے ،مضبوط بنانے پر توجہ دینے کی ضرورت ہے،پی ٹی آئی کسی پیشگی شرط کے بغیر نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کرے،اقدام سے پی ٹی آئی کےلئے ریاست کےساتھ معاملات بہتر بنانے کا بہترین موقع ثابت ہوسکتا ہے،وزیراعظم شہباز شریف چاہیں تو پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کرکے نئے صوبوں کے معاملے پر ریفرنڈم کرانے کی منظوری حاصل کرسکتے ہیں،صدر آصف زرداری سمجھدار سیاستدان اور معاملات کو آگے بڑھانے کےلئے مناسب وقت کی اہمیت سمجھتے ہیں۔

سابق چیئرمین سینٹ وپی پی رہنما رضا ربانی نے ریفرنڈم کے معاملے پر وزرا کے مخصوص گروہ کے طرز عمل کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے ریفرنڈم آئین کے آرٹیکل 239(4) میں درج کسی صوبے کی علاقائی حدود میں تبدیلی کے طریقہ کار کا متبادل نہیں نہ ہی غیر موثر بنا سکتا ہے۔

اپنے بیان میں رضا ربانی نے کہا ریفرنڈم کے نتائج کی عدالتی توثیق کابیانیہ پارلیمان کی خودمختاری ، صوبائی اسمبلی کے آئینی اختیارات پر قدغن لگانے کے مترادف ہے، کسی عدالت کو اختیار حاصل نہیں آئین میں ایسی تشریح شامل کرے جو پہلے سے موجود نہ ہو یا آئین کو ازسرنو تحریر کرے،کسی صوبے کی علاقائی حدود میں تبدیلی کے معاملے پر رائے شماری کا حق صوبائی اسمبلی کو آئین کے تحت حاصل ہے،آئینی طریقہ کار کو نظرانداز کرکے ریفرنڈم یا عدالتی توثیق کو کا متبادل قرار دینا آئینی اختیارات ،پارلیمانی خودمختاری پرسنگین سوالات پیدا کرتا ہے۔

سابق چیئرمین سینٹ نے کہا اگر کوئی عدالت آئین کو ازسرنو تحریر یا ایسی تشریح شامل کرتی ہے جو پہلے سے موجود نہیں تو پارلیمان کی خودمختاری کو مجروح کرنے کے مترادف ہوگا،اقدام آئین کے بنیادی اصول میں تبدیلی کے برابر ہوگا،کیا موجودہ نظام آئین سے سنگین انحراف کا متحمل ہوسکتا ہے؟ آئینی معاملات میں آئین کی بالادستی، پارلیمان کی خودمختاری اور صوبائی اسمبلیوں کے اختیارات کا احترام ناگزیر ہے۔