لاہور (میاں ذیشان) پنجاب میں محکمہ ماہی پروری و ایکوا کلچر کی جانب سے جھینگا فارمنگ کے فروغ کیلئے 9 ارب 59 کروڑ روپے سے زائد لاگت کا سرکاری منصوبہ، اربوں روپے کی درآمدات میں کمی اور مقامی پیداوار بڑھانے کے حکومتی دعوﺅں کے باوجود عملی نتائج کے حوالے سے کئی سوالات کی زد میں آ گیا۔ حکومت کی جانب سے ہزاروں ایکڑ رقبے پر جھینگا فارمنگ کے آغاز اور ایک ہزار فارمز کی تیاری کا دعویٰ کیا گیا ہے تاہم مستفید کسانوں کی حقیقی تعداد اور فی ایکڑ آمدن کے مستند اعدادوشمار تاحال واضح نہیں ہو سکے۔ منصوبے کے تحت مقامی ہیچریوں کے قیام، کسانوں کو مالی معاونت، جدید فارمز کی تیاری اور جھینگے کی پیداوار بڑھانے کے اہداف مقرر کیے گئے، مگر درآمدی بیج اور خوراک پر انحصار بدستور برقرار ہے۔ مہنگی پیداواری لاگت، تکنیکی مسائل، جھینگوں کی اموات، پانی کے معیار اور مارکیٹنگ کے مسائل نے منصوبے کی پائیدار کامیابی اور کسانوں کیلئے منافع بخش کاروبار بننے پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ محکمہ ماہی پروری و ایکوا کلچر کے ترجمان ایم عثمان سے بارہا رابطہ کیا گیا لیکن محکمانہ موقف یا وضاحت جاری نہیں کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب میں جھینگا فارمنگ کے فروغ، سمندری خوراک کی درآمدات پر انحصار کم کرنے، مقامی پیداوار میں اضافے اور کسانوں کیلئے روزگار و آمدن کے نئے مواقع پیدا کرنے کی غرض سے شروع کیا گیا 9 ارب 59 کروڑ 5 لاکھ روپے سے زائد لاگت کا سرکاری منصوبہ عملی نتائج کے حوالے سے تاحال مختلف چیلنجز سے دوچار ہے، حکومت پنجاب کی جانب سے اس منصوبے کے تحت ہزاروں ایکڑ رقبے پر جھینگا فارمنگ کے فروغ، جدید تالابوں کی تعمیر، کسانوں کو مالی معاونت، مقامی ہیچریوں کے قیام اور پیداوار کو برآمدی معیار کے مطابق بنانے کے بلند بانگ اہداف مقرر کیے گئے تھے، تاہم منصوبے پر ہونے والی پیشرفت اور کسانوں کو حاصل ہونے والے حقیقی معاشی فوائد کے اعدادوشمار کئی اہم سوالات کو جنم دے رہے ہیں۔ منصوبے کی مجموعی لاگت 9 ارب 59 کروڑ 5 لاکھ 40 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے اور اسے جون 2028ءتک مکمل کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے، جس کے تحت مظفرگڑھ میں 400 ایکڑ پر سرکاری نمائشی فارمز کی تیاری، نجی شعبے کے کسانوں کو 1200 ایکڑ رقبے پر جھینگا فارمنگ کیلئے بیج اور خوراک کی مد میں مالی معاونت، 3 ارب 50 کروڑ روپے کے گردشی فنڈ اور نرم شرائط پر قرضوں کی فراہمی، مقامی ہیچریوں کے قیام اور کسانوں کی فنی تربیت جیسے اقدامات شامل ہیں۔ حکومتی دعوﺅں کے مطابق پنجاب میں ایک ہزار جھینگا فارمز کیلئے تقریباً 5 ہزار 500 ایکڑ رقبہ تیار کیا جا چکا ہے جبکہ مظفرگڑھ اور سرگودھا میں جھینگوں کی افزائش اور پیداوار کا عمل بھی شروع ہونے کی اطلاعات ہیں، علی والا میں 737 تالابوں پر مشتمل تقریباً 5 ہزار 300 ایکڑ کے منصوبے کے تحت سالانہ 28 کروڑ جھینگوں کی پیداواری صلاحیت کی حامل ہیچری اور جدید پراسیسنگ پلانٹس قائم کرنے کا منصوبہ بھی پیش کیا گیا ہے، تاہم ان اعدادوشمار کے باوجود یہ بنیادی سوال اپنی جگہ موجود ہے کہ اب تک کتنے انفرادی کسانوں نے اس منصوبے سے عملی طور پر فائدہ اٹھایا، کتنے کسانوں کو سرکاری سبسڈی اور قرضے فراہم کیے گئے، کتنے ایکڑ رقبے پر باقاعدہ جھینگوں کی افزائش مکمل کرکے تجارتی بنیادوں پر پیداوار حاصل کی گئی اور کتنے کسان اپنی پیداوار فروخت کرکے مالی فائدہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ سب سے اہم معاملہ فی ایکڑ آمدن اور خالص منافع کیا ہے کیونکہ جدید طریقہ کار کے تحت جھینگا فارمنگ سے فی ہیکٹر 90 لاکھ سے 2 کروڑ 80 لاکھ روپے تک مجموعی سالانہ آمدن کی صلاحیت ظاہر کی جاتی ہے، جبکہ بعض تخمینوں میں ایک کروڑ 10 لاکھ روپے تک خالص منافع کا امکان بھی بیان کیا گیا ہے، لیکن یہ ممکنہ کاروباری تخمینے ہیں، پنجاب کے سرکاری منصوبے سے مستفید ہونے والے کسانوں کی حقیقی آمدن کا مصدقہ ریکارڈ نہیں۔ منصوبے کی پیشرفت کا جائزہ لینے کے دوران یہ امر بھی سامنے آیا تھا کہ نومبر 2025ءمیں مقررہ جسمانی پیشرفت 34 فیصد کے مقابلے میں عملی پیشرفت صرف 15.62 فیصد جبکہ مالی پیشرفت 8.20 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی، اسی طرح ابتدائی تجرباتی پیداوار کیلئے مختص 100 ایکڑ رقبے پر ہونے والی تحقیق کے نتائج کی مستند سائنسی توثیق اور تحقیقی اداروں کے ساتھ موثر اشتراک کے حوالے سے بھی سوالات اٹھائے گئے تھے۔ مزید تشویشناک پہلو یہ ہے کہ جھینگوں کی افزائش کیلئے بیج اور خوراک کی ضروریات بڑی حد تک درآمدات کے ذریعے پوری کی جا رہی ہیں، جس سے مقامی پیداوار بڑھانے اور درآمدی انحصار ختم کرنے کا بنیادی حکومتی مقصد متاثر ہونے کا خدشہ ہے، جبکہ بیج کی بروقت فراہمی، درآمدی بیج کی نقل و حمل کے دوران اموات، مہنگی خوراک، بجلی کے بھاری اخراجات، پانی میں نمکیات اور معدنی اجزا کا مناسب تناسب برقرار رکھنے، بیماریوں کی تشخیص، جدید مشینری، تربیت یافتہ عملے، سرد خانوں، پراسیسنگ اور پیداوار کی منافع بخش قیمت پر فروخت جیسے مسائل بھی کسانوں کیلئے بڑی رکاوٹ ہیں۔ مقامی سطح پر معیاری ہیچریوں اور جھینگوں کی خوراک کی تیاری کے موثر انتظامات نہ ہونے سے پیداواری لاگت میں اضافے اور کسانوں کے مالی نقصان کا خدشہ بھی موجود ہے، جبکہ بین الاقوامی منڈیوں میں برآمد کیلئے درکار معیار، صفائی، پراسیسنگ اور ترسیل کے انتظامات بھی اس منصوبے کی کامیابی کیلئے بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ دوسری جانب اربوں روپے کی جھینگا درآمدات میں کمی اور مقامی پیداوار کے ذریعے قیمتی زرمبادلہ بچانے کے حکومتی دعوﺅں کی حقیقت جانچنے کیلئے اب تک حاصل ہونے والی مجموعی پیداوار، مقامی مارکیٹ میں فروخت، برآمدات، درآمدی اخراجات میں کمی اور کسانوں کے خالص منافع کا تقابلی ریکارڈ سامنے لانا ضروری ہے، کیونکہ محض ہزاروں ایکڑ رقبے پر تالابوں کی تعمیر یا فارمز کی تیاری کو منصوبے کی کامیابی قرار نہیں دیا جا سکتا، اصل کامیابی اسی وقت ممکن ہے جب کسان مستقل بنیادوں پر منافع حاصل کریں، مقامی سطح پر بیج اور خوراک کی دستیابی یقینی بنائی جائے، پیداواری اخراجات کم ہوں اور پنجاب میں تیار ہونے والے جھینگے ملکی ضروریات پوری کرنے کے ساتھ برآمدات میں بھی قابل ذکر حصہ ڈال سکیں۔ محکمہ ماہی پروری و ایکوا کلچر کے ترجمان ایم عثمان سے خبر میں اٹھائے گئے سوالات، جھینگا فارمنگ منصوبے کی پیشرفت، مستفید کسانوں کی تعداد، فی ایکڑ پیداوار و آمدن اور منصوبے کو درپیش عملی مشکلات کے حوالے سے موقف اور وضاحت کیلئے بارہا رابطہ کیا گیا۔ انہیں متعدد پیغامات بھی ارسال کیے گئے اور ٹیلی فون کالز بھی کی گئیں، تاہم خبر کی اشاعت تک ان کی جانب سے کوئی جواب، موقف یا وضاحت موصول نہیں ہوئی۔ محکمہ ماہی پروری و ایکوا کلچر کے ذمہ داران اگر اس حوالے سے اپنا مﺅقف یا وضاحت پیش کرنا چاہیں تو ادارہ ہذا میں ان کا موقف من و عن شائع کیا جائے گا۔
محکمہ ماہی پروری، جھینگا فارمنگ کا فروغ پر حکومتی دعوﺅں کے باوجود عملی نتائج پر سوالیہ نشان


















