افسران کے مابین پیشہ ورانہ مہارتوں کا تبادلہ عوام دوست پولیسنگ کی بنیاد ہے :آئی جی پنجاب

لاہور (کرائم رپورٹر) پنجاب سے بلوچستان ریلیو ہونے والے 3 ایس پیز اور فیڈرل کانسٹیبلری میں تعیناتی کیلئے جانے والے 13 اے ایس پیز نے آئی جی پنجاب عبدالکریم سے سنٹرل پولیس آفس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر آئی جی پنجاب نے افسران کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دیگر صوبوں اور اداروں میں فیلڈ پوسٹنگز پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے اور کیریئر گرومنگ کیلئے انتہائی اہمیت کی حامل ہیں۔آئی جی پنجاب عبدالکریم کا کہنا تھا کہ مختلف اضلاع اور پولیس یونٹس میں تعیناتی کے دوران حاصل ہونے والا تجربہ پولیسنگ اور سروس ڈیلیوری کے امور کو بہتر انداز میں سمجھنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ پنجاب میں حاصل کئے گئے تجربات کو دیگر صوبوں میں بروئے کار لا کر پولیسنگ کے مجموعی معیار کو بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ پولیس افسران کے مابین تجربات اور پیشہ ورانہ مہارتوں کا تبادلہ مضبوط، مو¿ثر اور عوام دوست پولیسنگ نظام کی بنیاد ہے۔اس موقع پر خیبر پختونخوا، سندھ اور بلوچستان سمیت مختلف صوبوں سے تعلق رکھنے والے اے ایس پیز نے پنجاب میں تعیناتی کے دوران حاصل ہونے والے تجربات اور مشاہدات سے آگاہ کیا۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق افسران نے پنجاب پولیس کے پیشہ ورانہ معیار کو دیگر صوبوں کیلئے رول ماڈل قرار دیتے ہوئے کہا کہ لا اینڈ آرڈر، سکیورٹی صورتحال، پولیس ویلفیئر اور جدید پولیسنگ کے حوالے سے پنجاب کا نظام قابل ستائش ہے۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے محفوظ پنجاب ویژن کے تحت ٹریفک حادثات کی روک تھام اور روڈ سیفٹی یقینی بنانے کیلئے اقدامات مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے صوبہ بھر کے ضلعی ٹریفک افسران کو ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد، ڈرائیورز میں آگاہی مہم تیز کرنے اور حادثات کے ہاٹ سپاٹس پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی ہے۔اس حوالے سے آئی جی پنجاب عبدالکریم کی زیر صدارت صوبہ بھر کے ضلعی ٹریفک افسران کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب وقاص نذیر نے ٹریفک حادثات کی روک تھام، روڈ سیفٹی اور قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف پولیس اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ دیہی علاقوں میں ٹریفک حادثات کی روک تھام کیلئے ڈی پی اوز، ڈسٹرکٹ ٹریفک افسران، ڈپٹی کمشنرز اور پنجاب ہائی وے پٹرولنگ (پی ایچ پی) کے اشتراک سے مو¿ثر حکمت عملی مرتب کی جائے۔ شہری و دیہی علاقوں میں سنگین حادثات کے ہاٹ سپاٹس کی نشاندہی کرکے اوور سپیڈنگ اور ون وے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ ستھرا پنجاب سمیت مختلف سرکاری اداروں، کمرشل و نان کمرشل ڈرائیورز اور ٹرانسپورٹرز میں روڈ سیفٹی شعور اجاگر کرنے کیلئے سیمینارز منعقد کئے جائیں۔ ٹریفک حادثات میں ملوث اور کریمنل ریکارڈ رکھنے والے ڈرائیورز کو دوبارہ سڑکوں پر آنے سے روکنے کیلئے مو¿ثر اقدامات کئے جائیں۔اجلاس میں ٹریفک مینجمنٹ اور خلاف ورزیوں کی نگرانی کیلئے الیکٹرانک ذرائع استعمال کرنے اور دیہی سڑکوں پر روڈ انجینئرنگ بہتر بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب نے بتایا کہ ٹریفک قوانین کی بار بار خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج سمیت سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی جبکہ خلاف ورزی کے مرتکب افراد کی گاڑیاں بھی بند کی جائیں گی۔آئی جی پنجاب نے ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے سڑکوں پر تجاوزات کے خاتمے، مناسب سائن بورڈز، سپیڈ بریکرز اور ٹریفک سگنلز کی تنصیب سمیت دیگر حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔اجلاس میں ڈی آئی جی پنجاب ہائی وے پٹرولنگ فیصل علی راجہ اور سی ٹی او لاہور عبدالرحیم شیرازی بھی موجود تھے۔