لاہور(خبر نگار)لاہور کی بلدیاتی تاریخ میں انتظامی غفلت اور قواعد و ضوابط کی پامالی کی داستانیں یوں تو نئی نہیں لیکن میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور کی انتظامیہ کی نااہلی نے اب ایسی تاریخ رقم کر دی ہے جس کی مثال شائد ہی کسی سرکاری محکمے میں مل سکے۔ ضابطہ اخلاق اور سروس قوانین کو موم کی ناک سمجھنے والے بعض شاطر اہلکاروں نے اپنی سروس بکس میں من مانی تبدیلیاں کر کے نہ صرف اپنے کیڈر ہی بدل ڈالے بلکہ اعلیٰ عہدوں تک پہنچنے کیلئے ایسی چالیں چلیں کہ انتظامیہ آنکھیں بند کئے تماشا دیکھتی رہی۔ افسوسناک امر یہ ہے کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور کے پاس آج تک کوئی ایسا مو¿ثر نظام اور جانچ پڑتال کا طریقہ کار ہی وضع نہیں کیا جا سکا جو اس قسم کی جعلسازی کو ابتدائی مرحلے میں ہی پکڑ سکے، جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ ایسے مشکوک کرداروں نے نہ صرف غیر قانونی طور پر اپنے کیڈر تبدیل کروائے بلکہ محکمانہ ترقیوں کی سیڑھیاں بھی تیزی سے عبور کر لیں۔ تازہ ترین انکشافات کے مطابق اس وقت میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور میں بطور سپرنٹنڈنٹ گریڈ 17 میں تعینات ملک لیاقت کی سروس کا ریکارڈ انتہائی مشکوک اور قواعد کے منافی قرار دیا جا رہا ہے۔ دستیاب دستاویزات اور ریکارڈ کے مطابق ملک لیاقت نومبر 1994 میں ٹاو¿ن کمیٹی کوٹ رادھا کشن ضلع قصور میں محض گریڈ 5 میں بطور لائبریری کلرک عارضی بنیادوں پر بھرتی ہوئے۔ بعد ازاں سروس ریکارڈ کے مطابق دسمبر 2007 میں یہ عہدہ اپ گریڈ ہونے کے بعد گریڈ 7 میں بدل دیا گیا۔ اصل کھیل اس وقت شروع ہوا جب ملک لیاقت نے ضلع قصور کی حدود سے نکل کر ضلع لاہور کا رخ کیا اور اس وقت کی سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ لاہور کے نشتر ٹاو¿ن میں بطور سینئر کلرک گریڈ 9 میں تعیناتی حاصل کر لی۔ لاہور آمد کے بعد ان کی ترقیوں کا نہ رکنے والا سلسلہ شروع ہوا اور 2011 میں وہ نشتر ٹاو¿ن میں ہی بطور اسسٹنٹ گریڈ 14 میں ترقی پا گئے۔ بعد ازاں اسسٹنٹ کی آسامی اپ گریڈ ہونے کے باعث وہ گریڈ 16 میں پہنچ گئے اور اسی تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے 2022 میں انہوں نے بطور سپرنٹنڈنٹ گریڈ 17 کی ترقی بھی حاصل کر لی۔ سرکاری قوانین اور سروس رولز کے ماہرین نے اس سارے عمل پر حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے اسے انتظامیہ کی مجرمانہ غفلت قرار دیا ہے۔ سب سے بڑا سوال یہ ہے کہ ایک لائبریری کلرک ضلع قصور کے ٹاو¿ن کوٹ رادھا کشن سے ضلع لاہور میں کیسے منتقل ہوا اور اس نے کس قانون کے تحت اپنا بنیادی کیڈر تبدیل کر کے خود کو لائبریری کلرک سے جنرل کلرک، پھر سینئر کلرک، اسسٹنٹ اور بالآخر سپرنٹنڈنٹ بنوا لیا۔ سروس قوانین کے مطابق لائبریری کلرک کی ترقی کا جائز راستہ اسسٹنٹ لائبریرین، لائبریرین اور پھر چیف لائبریرین کا ہوتا ہے نہ کہ غیر قانونی طور پر ضلع لاہور اور میٹروپولیٹن کارپوریشن میں ایڈجسٹمنٹ کروا کر جنرل کیڈر کی اعلیٰ آسامیوں پر قبضہ جما لینا۔ میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور کے اہلکاروں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ملک لیاقت کی کوٹ رادھا کشن سے لاہور منتقلی، کیڈر کی تبدیلی اور تابڑ توڑ ترقیوں کی فوری اور شفاف تحقیقات کروائی جائیں تاکہ انتظامیہ کی صفوں میں چھپے ان عناصر کو بے نقاب کیا جا سکے جنہوں نے قوانین کی دھجیاں اڑا کر سرکاری عہدوں پر قبضہ کر رکھا ہے۔
میٹروپولیٹن کارپوریشن میں افسران کی من مانیاں، اپنے کیڈر ہی بدل ڈالے

















