ایسے مناظر کو اہمیت دیتی ہوں جو اداکاری کے اعتبار سے چیلنج ہوں: کریتی سنن

ممبئی (مشرق نیوز) بالی ووڈ اداکارہ کریتی سنن نے انکشاف کیا ہے کہ فلموں کا انتخاب کرتے وقت میں ایسے مناظر کو خصوصی اہمیت دیتی ہوں جو میرے لئے اداکاری کے اعتبار سے ایک نیا چیلنج ثابت ہوں۔اداکارہ کا کہنا ہے کہ ہر فلم میں کم از کم ایک ایسا منظر ضرور تلاش کرتی ہوں جسے دیکھ کر مجھے خود بھی یہ سوال کرنا پڑے کہ آیا میں اسے کامیابی سے ادا کر پاو¿ں گی یا نہیں، ایسے مناظر مجھے اپنی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانے اور بطور اداکارہ حدود سے آگے بڑھنے کی ترغیب دیتے ہیں۔
حالیہ گفتگو کے دوران کریتی سنن سے پوچھا گیا کہ کیا کبھی کسی کردار کی کہانی سننے کے بعد آپکو اسے ادا کرنے میں مشکل پیش آئی یا خوف محسوس ہوا؟ جس پر اداکارہ نے بتایا کہ مجھے ایسے مناظر کرنا پسند ہیں جن میں مجھے کچھ مختلف کرنے کا موقع ملے، بالخصوص جذباتی شدت سے بھرپور فلموں میں۔ کریتی سنن نے اپنی 2024ءکی فلم ’دو پتی‘ کی مثال دیتے ہوئے ایک مشکل منظر کا ذکر کیا، جس میں انہیں دو مختلف کرداروں سومیا اور شیلی کا روپ دھارنا تھا۔
اداکارہ کے مطابق اس منظر میں سومیا جذباتی طور پر ٹوٹ جاتی ہے اور اپنی شناخت کے ساتھ والدہ کی یادوں کے درمیان الجھ جاتی ہے جبکہ اسی منظر میں دوسرا کردار شیلی بھی موجود ہوتا ہے، چونکہ کسی دوسرے اداکار کے بغیر دونوں کردار خود ہی ادا کرنے تھے، اسلئے منظر کی عکس بندی کیلئے تفصیلی منصوبہ بندی اور مشقوں کی ضرورت پیش آئی۔
کریتی نے بتایا کہ مجھے دونوں کرداروں کی حرکات، اشاروں اور ایک دوسرے کے ساتھ ردِعمل کا پہلے سے تعین کرنا پڑا تاکہ منظر کو حقیقت کے قریب انداز میں پیش کیا جا سکے۔ اداکارہ کے مطابق ایسے مشکل مناظر کو ادا کرنے کا طریقہ تلاش کرنا ہی مجھے بطور اداکارہ آگے بڑھنے کا حوصلہ دیتا ہے۔ کریتی سنن اب تک مختلف موضوعات اور اصناف کی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں، جن میں ’تیری باتوں میں ایسا الجھا جیا‘ اور ’دو پتی‘ شامل ہیں۔