پنجاب، 6 مختلف اضلاع میں سٹیٹ آف دی آرٹ کینسر سنٹرز بنانے کا فیصلہ

لاہور (اپنے رپورٹر سے) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق حکومت پنجاب کا 6 مختلف اضلاع میں اسٹیٹ آف دی آرٹ کینسر سنٹرز بنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔حکومت پنجاب کا کینسر کے مریضوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کیلئے اہم اقدام، بہاولپور، فیصل آباد، سرگودھا، گوجرانوالہ، ساہیوال اور راولپنڈی میں 100 بستروں پر مشتمل کینسر سینٹرز بنائے جائیں گے ۔کینسر کے مریضوں کیلئے جدید تشخیصی ٹیسٹ اور علاج کی سہولیات میں توسیع، تمام 6 کینسر سینٹرز میں بریکی تھراپی اور میموگرافی کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ان کینسر سنٹرز کے ذریعے کینسر کے مریضوں کو کیموتھراپی، ریڈیوتھراپی اور سرجری کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔اس حوالہ سے محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس کی صدارت صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق اور سابق چیف سیکرٹری پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ زاہد سعید نے کی۔اجلاس میں سیکرٹری صحت پنجاب عظمت محمود ،سی ای او آئی ڈیپ کیپٹن ریٹائرڈ شاہ میر اقبال، ڈین نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ پروفیسر ڈاکٹر قیصر بشیر، سپیشل سیکرٹری ڈویلپمنٹ احمد کمال مان، ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹر حافظ محمد وسیم، ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر ستائش، چیف پلاننگ آفیسر، سینئر پلاننگ آفیسر فاطمہ نورین اور سی اینڈ ڈبلیو کے افسران نے شرکت کی ۔وڈیو لنک کے ذریعے ہیلتھ اکانومسٹ ڈاکٹر محمد عدنان خان، وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر مہناز خاکوانی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی پروفیسر مسفراح، سپیشل سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو، متعلقہ ایکسیئنز، ڈائریکٹرز بلڈنگز و متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف صوبہ بھر میں کینسر کے مریضوں کو بین الاقوامی سطح کی طبی سہولیات فراہم کرنا چاہتی ہیں۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبے میں کینسر کے علاج کی سہولیات کا دائرہ وسیع کیا جا رہا ہے۔پنجاب کے مختلف 6 شہروں میں کینسر سنٹرز کا قیام انتہائی خوش آئند ہے۔لاہور میں 75 ارب روپے کی لاگت سے سٹیٹ آف دی آرٹ نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ بنایا جا رہا ہے۔پنجاب کے مختلف 6 شہروں میں کینسر سنٹرز میں مریضوں کو جدید طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔