اسلام آباد (مشرق نیوز) وزیراعظم شہبازشریف نے وفاقی وزراءکو ایک دوسرے کیخلاف سیاسی بیان بازی سے روکدیا۔ وزیراعظم شہبازشریف نے وفاقی وزراءکی جانب سے حالیہ بیان بازی کا نوٹس لے لیا، وزیراعظم نے تمام وزراءکو ایک دوسرے کیخلاف سیاسی بیان بازی سے روک دیا۔انہوں نے کہا وفاقی کابینہ کے اراکین کے درمیان معاملات افہام وتفہیم اور اتفاق سے آگے بڑھنے چاہئیں۔
شہبازشریف نے کہا کہ حکومت کی تمام ترتوجہ عوامی فلاح وبہبود کے منصوبوں پرمرکوز ہے، حکومت معاشی استحکام سے پائیدار معاشی ترقی کی جانب سفر جاری رکھے ہوئے ہے، پاکستان کوبین الاقوامی سطح اورسفارتی محاذ پربھی اللہ تعالیٰ نے متعدد اہم کامیابیوں سے نوازا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت نے ہمیشہ تعمیروترقی کی سیاست کو فروغ دیا ہے، وفاقی کابینہ کے اراکین کے درمیان معاملات افہام وتفہیم اوراتفاق سے آگے بڑھنے چاہئیں، ایک دوسرے کیخلاف بیان بازی سے منفی تاثرپیدا ہوتا ہے، تعمیروترقی سے توجہ ہٹتی ہے۔
شہبازشریف نے کہا کہ وزراءاچھا کام کررہے ہیں،ان کی توجہ صرف عوامی خدمت و تعمیر ترقی پر ہی رہنی چاہیے، صوبائی نمائندے بھی ایسی بیان بازی سے گریز کریں اور مثبت بات چیت کو فروغ دیں، ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی مکمل طور پر بند ہونی چاہیے، سب کا فرض ہے کہ ہم سیاسی استحکام کے حوالے سے اپنا بھرپورکردار ادا کریں۔

















