لاہور (اپنے نمائندے سے) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی ہدایت پر 20 نومبر کو پنجاب بھر میں شوگر ملوں کے باہر مظاہرے کئے گئے۔ فیصل آباد، گوجرانوالہ، اوکاڑہ، قصور، چنیوٹ، جھنگ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں قیادت اور ہزاروں کسانوں نے شرکت کی۔مظاہرین کے تین مطالبات تھے۔ گنے کی کرشنگ فوری شروع کی جائے، بند ملیں چلائی جائیں اور گنے کی قیمت 700 روپے فی من مقرر کی جائے۔امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی جاوید قصوری نے جڑانوالہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور سمندری میں قیادت کی۔ انہوں نے کہا کہ کسان دشمن پالیسیوں نے زراعت اور معیشت کو شدید خطرات سے دوچار کر دیا ہے۔مظفرگڑھ میں جماعت اسلامی اور کسان بورڈ نے بتایا کہ حکومت نے کرشنگ کیلئے پہلے 15، پھر 17 اور آخر میں 20 نومبر کی تاریخ دی، لیکن کرشنگ شروع نہ ہوئی۔ رہنماو¿ں نے اعلان کیا کہ کرشنگ نہ ہونے پر ملوں کے گیٹ پر دھرنے دئیے جائیں گے۔دوسری جانب پیٹرولیم لیوی پر حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان کمیٹی سطح کے مذاکرات مکمل ہوچکے ہیں۔ نائب امیر لیاقت بلوچ کے مطابق دونوں فریقوں نے ریلیف کی تجاویز کے مسودے تیار کرلئے ہیں۔ حتمی فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف اور حافظ نعیم الرحمن کی 24 یا 25 نومبر کو متوقع ملاقات میں ہوگا۔حکومت نے پیٹرولیم لیوی میں بتدریج کمی کا منصوبہ تیار کیا ہے۔ 1000 سی سی تک کی گاڑیوں اور 12.5 ایکڑ تک کے کاشتکاروں کے ٹریکٹرز کیلئے ریلیف پر بھی بات ہوئی ہے۔تاہم جماعت اسلامی نے واضح کیا کہ اگر مذاکرات سے ٹھوس نتیجہ نہ نکلا تو لانگ مارچ دوبارہ شروع ہو سکتا ہے۔ پیٹرولیم مذاکرات میں پیشرفت کے باوجود جماعت اسلامی نے احتجاجی دباو¿ ختم نہیں کیا بلکہ اسے کسانوں کے مسئلے کی طرف منتقل کر دیا ہے۔جماعت اسلامی اسے رخ کی تبدیلی نہیں بلکہ جدوجہد کا تسلسل قرار دیتی ہے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ زراعت کی صورتحال خراب ہے، کرشنگ شروع نہیں ہوئی اور کسان مہنگے مداخل کے باعث پریشان ہیں۔کسانوں کا مسئلہ بھی حقیقی ہے۔ کرشنگ میں تاخیر سے گنا خراب ہو رہا ہے اور اگلی فصل کی کاشت متاثر ہو رہی ہے۔ کھاد، بیج اور آبپاشی کے اخراجات پہلے ہی بہت بڑھ چکے ہیں۔مبصرین کے مطابق جماعت اسلامی دو محاذوں پر حکومت کو مصروف رکھے ہوئے ہے۔ ایک مذاکراتی محاذ، دوسرا احتجاجی محاذ، جہاں دھرنوں سے پیغام دینا ہے کہ اگر وعدے پورے نہ ہوئے تو سڑکوں کا دباو¿ دوبارہ شروع ہو سکتا ہے۔اب سب کی نظریں 24-25 نومبر کی ملاقات پر ہیں۔ اگر پیٹرولیم ریلیف پیکیج کا اعلان ہو جاتا ہے تو جماعت اسلامی شوگر ملوں کے معاملے کو اپنی اگلی بڑی مہم بنا سکتی ہے۔
پیٹرولیم لیوی پر مذاکرات میں پیشرفت،جماعت اسلامی نے احتجاج کا نیا محاذ کھول دیا

















