مذاکرات کی بحالی بھارتی روئیے سے مشروط،امریکہ،ایران تنازع کاجلد حل نکلے گا،اسحاق ڈار


اسلام آباد: (بیورورپورٹ)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے بھارت کےساتھ مذاکرات کی بحالی کا دارو مدار نئی دہلی کے طرز عمل پر ہے،مشرق وسطیٰ میں کشیدگی دنیا کےلئے ناقابل برداشت، امریکہ،ایران تنازع کاجلد حل نکلے گا۔

غیر ملکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے اسحاق ڈار نے واضح کیابھارت سندھ طاس معاہدہ یکطرفہ طور پر معطل نہیں کرسکتا،26کروڑ عوام کی زراعت، روزگار اور غذائی تحفظ کا انحصار پانی کی فراہمی پر ہے،کسی معاہدے کو غیر موثر نہیں رکھا جا سکتا، پاکستان معاہدے میں کسی بھی قسم کی تبدیلی کو محض قبول کرنے کا متحمل نہیں ہو سکتا،پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنا کسی صورت مناسب نہیں ،بین الاقوامی معاہدوں کا احترام کیا جانا چاہیے،مقبوضہ کشمیر میں5اگست 2019کے اقدامات سلامتی کونسل قراردادوں کے منافی تھے، وزیراعظم شہباز شریف نے پہلگام واقعہ کی فوری بین الاقوامی تحقیقات کی پیشکش کی تاہم بھارت نے مسترد کر دی،بات چیت کی بحالی کا انحصار بھارتی اقدامات پر ہوگا۔

نائب وزیراعظم نے کہامذاکرات امریکہ ایران کشیدگی کا واحد حل ہیں،جنگ شروع ہوئی تب ہی ایرانی وزیر خارجہ سے رابطہ کر کے تحمل کا مشورہ دیا ،پاکستان سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن کی حیثیت سے عالمی تنازعات کے پر امن حل کےلئے کوشاں ، خطے میں پائیدار امن کیلئے نیا سکیورٹی فریم ورک وقت کی اہم ضرورت ہے،بلاک پولیٹیکس مسائل کاحل نہیں، پاکستان امریکہ ،چین دونوں کےساتھ متوازن تعلقات برقرار رکھے گا،پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر پر مشتمل آر فور ممالک کا اجلاس اگلے ماہ جرمنی میں ہوگا، استنبول اجلاس میں یورپی ملکوں کی شمولیت سے فورم ای فور کی شکل اختیار کرچکا ،پاکستان جی ایس پی پلس سٹیٹس کے تسلسل کیلئے یورپ کی حمایت چاہتا ہے، غیر ملکی سرمایہ کاروں کے تحفظ کیلئے خصوصی فورس بنائی ۔

اسحاق ڈار نے کہا کئی دہائیوں بعد امریکہ ،ایران کے درمیان براہ راست مذاکرات میں پاکستان کی موجودگی ممکن ہوئی، 10 ،11 اپریل کو ہونے والے مذاکرات تقریباً 21 گھنٹے جاری رہے،متعدد نکات پر پیشرفت ہوئی،فریقین کے اپنے اپنے موقف ،ترجیحات کے باعث بات چیت آگے نہ بڑھ سکی، پاکستان نے کوششیں جاری رکھیں بعد میں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت طے پائی،چین کےساتھ ملکر مشرق وسطیٰ میں امن کےلئے 5 نکاتی اقدام بھی پیش کیا،پاکستان، سعودی عرب و دیگر ممالک نے کشیدگی کم کرنے ،تنازع کے حل کےلئے کوششیں کیں،برطانیہ، فرانس ،جرمنی سمیت یورپی ممالک کےساتھ بھی رابطے جاری رہے تاکہ دونوں فریقوں کو مذاکرات ،سفارت کاری کے ذریعے مسئلے کے حل پر آمادہ کیا جاسکے۔

نائب وزیراعظم نے کہاجنگ کے باعث توانائی کی فراہمی متاثر،قیمتیں بڑھیں، دنیا بھر کے عوام مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، پاکستان میں حکومت کم آمدنی والے طبقات کوپٹرولیم ،توانائی قیمتوں پر ریلیف دینے کےلئے ایک حد تک سبسڈی فراہم کر رہی ہے،موجودہ حالات ، عالمی معیشت پر جنگ کے اثرات تقاضا کرتے ہیں ممالک مشترکہ طور پر امن و استحکام کےلئے آگے بڑھیں،پاکستان ،امریکہ کے تعلقات میں ماضی میں اتار چڑھاو آتے رہے تاہم موجودہ حکومت امریکہ کےساتھ فعال روابط رکھتی ، پاکستان امریکہ کےساتھ اقتصادی شراکت داری کو اہمیت دیتا ،چین کےساتھ 75 سالہ شراکت داری آزمائشوں کے باوجود برقرار رہی۔

اسحاق ڈار نے کہا فطری طور پر پرامید انسان ہوں اور یقین ہے جلد یا بدیر اپنا مقصد حاصل کر لیں گے کیونکہ دنیا توانائی کی سپلائی چین میں تعطل، قیمتوں میں اضافے اور عوامی مشکلات کی متحمل نہیں ہو سکتی، عالمی سطح پر شدید تنازعات کے حل کےلئے مذاکرات ،سفارتکاری ہی واحد قابل عمل راستہ ہیں، پاکستان ہمسایہ ملک افغانستان کو مستحکم ،خوشحال دیکھنا چاہتا ہے،4سال سے جاری تعطل ختم کرنے کےلئے 2025میں کابل کے 3دورے کیے،تجارت، معیشت ،افغان مہاجرین کے مطالبات پر فوری پیشرفت کرتے ہوئے 8ہفتوں کے اندر عملدرآمد کیا، پاکستان نے بجلی منصوبے کاساکی بحالی کےلئے عالمی بینک سے بھی رابطہ کیا۔

نائب وزیراعظم نے کہا پاکستان کا واحد مطالبہ یعنی افغان سرزمین کو دہشتگردی کےلئے استعمال نہ ہونے دینا تاحال پورا نہیں ہوا،عالمی اداروں کےساتھ قابل اعتماد شواہد شیئر کیے،اکتوبر میں ہونےوالے بڑے دہشتگرد حملوں کے افغانستان سے سرگرم گروہوں کےساتھ روابط ظاہر ہوتے ہیں،گروہوں میں تحریک طالبان پاکستان ، بلوچستان لبریشن آرمی ، مجید بریگیڈ، داعش خراسان اور ایسٹ ترکستان اسلامک موومنٹ شامل ہیں،عالمی سطح پر انسداد دہشتگردی کوششوں میں صف اول کا کردار ادا کرتے ہوئے پاکستان نے ایک لاکھ جانوں کی قربانیاں دیں،150ارب ڈالر کے معاشی نقصانات برداشت کیے۔

اسحاق ڈار نے کہاافغانستان کےساتھ اعتماد کی بحالی کےلئے محض زبانی یقین دہانیاں کافی نہیں ،دہشتگرد تنظیموں کےخلاف قابل تصدیق ،موثر عملی اقدامات ضروری ہیں،ملک کا بیرونی قرضہ 130ارب ڈالر، پاکستان کے غیر دریافت شدہ معدنی وسائل ،نایاب زمینی عناصرکی صلاحیت 6 سے 10ٹریلین ڈالر کے درمیان ،وسائل کی اہمیت کا اندازہ تیسرے پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم سے بھی لگایا جا سکتا ہے،ماضی کے معاشی بحرانوں کی بڑی وجہ پالیسیوں کے تسلسل کا فقدان ہے، پاکستان ایک بار پھر معاشی استحکام کی راہ پر گامزن ،چین کےساتھ سی پیک 2.0میں داخل،تعاون کا دائرہ بنیادی ڈھانچے سے آگے بڑھاتے ہوئے ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، زراعت ،عوام کے ذرائع معاش بہتر بنانے کے شعبوں تک وسیع کیا جا رہا ہے۔