سسٹم کو تباہ کرایا گیا، ری سیٹ سیاسی ہونا چاہیے،زبردستی سندھ کی تقسیم پرکراچی کی سڑکوں پرخون بہے گا،بلاول بھٹو

کراچی:(بیورورپورٹ)چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے سسٹم کو تباہ کرایا گیا، سیاسی ری سیٹ کی ضرورت، انتقامی کارروائیاں بند، قیدی آزاد کرنا پڑیں گے،زور زبردستی سندھ کی تقسیم پرکراچی کی سڑکوں پرخون بہے گا،عام آدمی ہتھیار اٹھائیں گے ،بات دشمنی تک جائے گی۔

کراچی پریس کلب میں میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا سسٹم بالکل تباہ ہوچکا لیکن کیوں ہوا ،کوئی بات نہیں کر رہا، سسٹم کو ری سیٹ کرنا ہوگا تاکہ حقدار کو حق مل سکے، میں بھی سسٹم تباہ ہونے کاذمہ دار ہوں،سیاسی ری سیٹ کی ضرورت ،سسٹم کو سیاسی ری سیٹ کرنا ہے تو آغاز پارلیمان سے کیا جائے، اپوزیشن کو پارلیمان پر بالکل بھی اعتماد نہیں ، اپوزیشن کا اعتماد پارلیمان میں بحال کرنا حکومتی ذمہ داری ہے۔

چیئر مین پیپلز پارٹی نے کہا سیاسی قیدیوں کو آزاد کرنا پڑے گا، آج نہیں تو کل ایساہونا ہے، آپ پی ٹی آئی کے پاس جائیں بات کریں اگر دہشتگردی کےخلاف لڑائی کیلئے تیار ہیں تو گورنر راج ختم ہوسکتا ہے، بانی پی ٹی آئی کو سیاسی قیدی سمجھتا ہوں جو وزیراعظم بنتا وہ جیل جاتا ہے،کیا یہ مانوں تمام وزرائے اعظم چور تھے یا سیاسی انتقام ہے، وہ دن دیکھنا چاہتا ہوں جب کوئی وزیراعظم بنے تو بعد میں جیل نہ جانا پڑے،فضل الرحمن کی ذمہ داری ہے تنقید کریں ، حکومت کو فضل الرحمن کا اعتماد بحال کرنے کی کوشش کرنی چاہیے، مولانانے جو کردارپی ڈی ایم میں ادا کیا اس کے بغیر آپ کرسی پر نہ ہوتے، حکومت پر تنقید کرنا اپوزیشن کی ذمہ داری ہے، انتقامی کارروائیاں بند کی جائیں۔

بلاول بھٹو نے کہااپوزیشن سے مخصوص نشستیں چھین کر 2ترامیم کرالیں اب تیسری بھی کرانے جارہے ہیں، مکمل اتفاق رائے نہیں تو باہمی رضامندی سے ہم نے 26 ویں ترمیم کرائی، 27 ویں ترمیم اتفاق رائے یا باہمی رضامندی نہیں ، جبری اکثریت سے منظور کرائی گئی، 27 ویں ترمیم کے بعد سینئر ججز نے استعفے دئیے، ججوں کے استعفوں سے واضح ہوگیا ان کا اب اعتماد نہیں رہا،سب سے پہلے عوام کا اداروں پر اعتماد بحال کرنا ہوگا، ہر ادارے کاکھویا اعتماد بحال کیا جانا چاہیے۔

چیئرمین پی پی نے کہا میڈیا کےساتھ پارلیمان سب سے اہم ادارہ ، پارلیمان پاکستان کا طاقتور ادارہ ہے وہاں اختلاف رائے ہونا چاہیے، پارلیمان میں کسی بھی مسئلے پر اختلاف رائے کرسکتے ہیں، پارلیمان کا مسئلہ ہے اپوزیشن کو اعتماد ہی نہیں،چاہتے ہیں عدالتی نظام ڈیم بنانے کےلئے نہ نکلے، مرض ایک ہو اور علاج دوسرا بتایا جائے تو کیسے ہوسکتا ہے، زور زبردستی بحث کرائی جارہی ہے ، پارلیمان تو دور کی بات ، کابینہ میںبھی بحث نہیں ہوئی،شہبازشریف کو وزیر اعظم بنایا، چاہوں گا کامیاب ہوں، وزیراعظم کے پاس اتنا اختیار ہونا چاہیے اپنے وزیر کو کنٹرول کرسکیں، چور دروازوں سے اس طرح کے کام کیے جاتے ہیں توہمیشہ کےلئے نہیں ہوتے، وزیراعظم نہ ہی کابینہ نے صوبوں پر کوئی بات کی ،شاید تاریخ میں میڈیا اتنا کمزور نہیں ہوا جتنا آج ہے، آپ ڈرتے ہو اگر سچ بولوں گا تو کارروائی ہوگی تو کیسے کام کرسکیں گے، صحافیوں کے پاس وہ طاقت ہونی چاہیے جو حق ہے۔

بلاول بھٹو نے کہااپنی زندگی میں اتنے برے معاشی حالات نہیں دیکھے جس تیزی سے مہنگائی میں اضافہ ہورہا ہے ،گزارہ کیسے ہوگا، فکرمند ہوں غریب ،پسماندہ طبقے کا موجودہ حالات میں کیا ہو گا،سیاستدان عوام کے مسائل کو بھول چکے،نفرت و تقسیم کی سیاست کی بات کررہے ہیں لیکن عوامی مسائل پر توجہ نہیں دے رہے، پاکستان میں کرپشن بنیادی ایشو ،کرپشن ختم کرنے میں کسی کی کوئی دلچسپی نہیںجب تک الیکشن کمیشن پر اعتماد نہیں ہوگا تب تک الیکشن پر اعتماد نہیں ہوسکتا، پاکستان میں کرپشن بنیادی مسئلہ ہے مگر حل کرنے پر کوئی توجہ نہیں، کرپشن کرنے کا سب سے آسان طریقہ ہے ریاست کےساتھ بیٹھ جائیں، آپ جو بھی کرو مگر ریاست کے ساتھ بیٹھو، آپ کو کوئی کچھ نہیں کہے گا آج تنقید کر رہا ہوں یہ نہ ہو میں بد عنوان ہوں، ملک دشمن ہوں۔

چیئرمین پی پی نے کہا پیپلزپارٹی ملک میں عوام کی خواہشات، آئین و قانون کے مطابق صوبے بننے کی حمایتی ہے، زور زبردستی سندھ کی تقسیم ہوتی ہے تو کراچی کی سڑکوں پر جو خون بہے گا،خون خرابہ ایک خون تک محدود نہیں رہےگا، زور زبردستی کریں گے تو سندھ میں بھائی بھائی کو قتل کرےگا، خون خرابہ نہیں دیکھ سکتا ہوں،عوام کی تائید سے جو صوبہ بنایا جاتاہے ساتھ ہیں،ریفرنڈم کی بات نہیں، نیت کی بات ہوتی ہے، پاکستان کی تاریخ میں غیر جمہوری کام کےلئے ریفرنڈم کرایا گیا، آئین میں طریقہ کارموجود ہے، تجویز دینا بھی ایسا ہے آپ غیر آئینی طریقہ کار تلاش کر رہے ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا مجھے نہیں پتہ محسن بھائی کرنا کیا چاہ رہے ہیں جہاں تک صوبے بنانے کی بات ہے تو مجھ سے بات نہیں کی گئی،صوبے بنانے ہےں تو آئینی ، جمہوری ،قانونی طریقہ کار نہیں اپنایا گیا جو مالی وسائل صوبوں کو ملنے چاہئیں وہ نہیں ملے، آپ صوبے کے وسائل پر ڈاکہ ڈالتے ہیں پھر کہتے ہیں صحت کا نظام کیوں کمزور ہے ، سڑک کیوں ٹوٹی ہے،صوبائی حکومتیں نہیں، وفاقی حکومت ذمہ دار ہے پیسہ عوام پر خرچ کیوں نہیں ہورہا، پٹرولیم لیوی میں صوبوں کا حصہ تقریباً 1.7 ٹریلین روپے بنتا ہے جو نہیں مل رہا،کراچی کو دارالحکومت بنانے کا فیصلہ بھی ماضی میں زبردستی کیا گیا ، ون یونٹ کے قیام کے باوجود سندھ کے عوام نے مزاحمت ،جدوجہد جاری رکھی، ایسا فیصلہ کرنا چاہتا ہوں جس پر کل بھی عوام کے سامنے جا کر انتخابات لڑ سکوں، نئے صوبوں کی تجاویز دینے والے بعض افراد کبھی انتخاب نہیں جیتے ان کے سیاسی مستقبل کا انحصار عوامی ووٹ پر نہیں جہاں عوام کا مطالبہ ہے صوبے بننے چاہئیں وہاں کسی وفاقی وزیر کی توجہ نہیں ۔