فیلڈ مارشل سے قطری وزیر داخلہ کی ملاقات،تعلقات مستحکم کرنےکا عزم

راولپنڈی:(بیورورپورٹ)فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے قطر کے وزیر داخلہ شیخ خلیفہ بن حمد بن خلیفہ آل ثانی نے ملاقات کی، باہمی دلچسپی کے امور، بدلتی علاقائی و عالمی سکیورٹی صورتحال ، دوطرفہ سکیورٹی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک نے سکیورٹی، انسداد دہشتگردی اور ادارہ جاتی تعاون کے شعبوں میں دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا،قطر کے وزیر داخلہ نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کےلئے پاکستان کے کردار کو سراہا اور دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے قطر کےساتھ دوطرفہ روابط مزید گہرے کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا مشترکہ سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کےلئے قریبی تعاون انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔