اسلام آباد: (بیورورپورٹ)وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے اداروں کی کارکردگی جانچنے کےلئے نظام تشکیل پاچکا، اہداف میں تاخیر برداشت نہیں کی جائےگی،حکومت زراعت کے شعبے میں تحقیقی سرگرمیوں کے فروغ کےلئے ہر ممکن سرپرستی ،بھرپور مالی معاونت فراہم کرے گی۔
پی ایم او ایس کے تحت وزارت قومی غذائی تحفظ کی کارکردگی پر جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاپی ایم او ایس کی شکل میں وفاقی وزارتوں، ڈویژنز ،اداروں کی کارکردگی جانچنے کیلئے انتہائی موثر نظام تشکیل پا چکا ،دئیے گئے اہداف ،ٹائم لائنز میں کسی قسم کی کوئی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی،پی ایم او ایس کو مزید بہتر ،کارگر اورمتعلقہ اداروں کے درمیان ہم آہنگی ،روابط بڑھائے جائیں،ملکی معیشت کی مضبوطی ،زرعی شعبے کی پائیدار ترقی میں جدید تحقیق کو بنیادی ،کلیدی حیثیت حاصل ہے،حکومت زراعت کے شعبے میں تحقیقی سرگرمیوں کے فروغ کےلئے ہر ممکن سرپرستی ،بھرپور مالی معاونت فراہم کرے گی تاکہ جدید طریقوں سے فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کیا جا سکے۔
شہبازشریف نے کہاکاشتکاری کی لاگت میں کمی ، فی ایکڑ پیداوار میں خاطر خواہ اضافے کےلئے جدید زرعی مشینری کا استعمال ناگزیر ،کاشتکاروں تک آسان فراہمی کو یقینی بنانا ترجیح ہے۔
دریں اثناامریکن بزنس کونسل سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاحکومت نے معاشرے کے کمزور طبقات کو ریلیف فراہم کرنے کےلئے سبسڈی پروگرام وضع کیا،معاشی استحکام کے حصول کےلئے عام آدمی نے بڑی قربانیاں دیں،معاشی مفادات کے فروغ میں امریکی سرمایہ کاروں کا اہم کردار ہے،امریکی سرمایہ کاروں نے صنعت،زراعت اور آئی ٹی سمیت مختلف شعبوں میں پاکستان کا ساتھ دیا، سرمایہ کاری کا عزم برقرار رکھنے پر شکر گزار ہیں،سرمایہ کاروں کے مسائل فوری حل کرنے کےلئے موثر نظام وضع کیا جائے گا، دفتری پیچیدگیاں سرمایہ کاروں کی حوصلہ شکنی کا باعث بنتی ہیں،سرمایہ کاروں کی جائز شکایات کا ازالہ ترجیح ہے۔
شہبازشریف نے کہاتمام شعبوں میں شفافیت یقینی بنانے کےلئے پرعزم ہیں، 2023 میں پاکستان کو دیوالیہ ہونے کے سنگین خطرے ا سامنا تھا،عالمی و خلیجی بحرانوں کے باوجود معاشی استحکام برقرار رکھنے کی کوششیں جاری ہیں،پاکستان توانائی ضروریات کا 90 فیصد سے زائد حصہ درآمد کرتا ہے،حکومت معاشی چیلنجز سے نمٹنے ،سرمایہ کاری کے فروغ کےلئے اقدامات کر رہی ہے۔
علاوہ ازیں قطر ی وزیر داخلہ اور کمانڈر انٹرنل سیکیورٹی فورس (لخویا)، شیخ خلیفہ بن حمد بن خلیفہ الثانی نے وفد کے ہمراہ وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی، وزیراعظم نے قطر کے معزز مہمان کا پرتپاک خیرمقدم اور دیرینہ برادرانہ تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے کہادورے سے دونوں برادر ممالک کی وزارت داخلہ ،متعلقہ اداروں کے درمیان تعاون مزید مستحکم ہوگا، وزیراعظم نے امیر قطر کےلئے نیک خواہشات کا اظہار ،پاکستان کےلئے قطری قیادت کی غیر متزلزل حمایت ،مائع قدرتی گیس کی مسلسل فراہمی پر شکریہ ادا کیا۔
قطر کے وزیر داخلہ نے امیر کی جانب سے تہنیتی پیغامات ،نیک خواہشات پہنچائیں،خطے میں امن و استحکام کے فروغ کےلئے پاکستان کے کردار ، کوششوں کو سراہا،وزیراعظم نے قطر کی انٹرنل سکیورٹی فورس (لخویا) اور پاکستان کی فیڈرل کانسٹیبلری کے درمیان سکیورٹی تعاون کی مفاہمتی یادداشت (ایم او یو)، منشیات سمگلنگ کی روک تھام کےلئے ایکشن پلان پر دستخط کی تقریب کا مشاہدہ کیا۔
مزید برآں وزیراعظم شہباز شریف سے آسیان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر کاو کم ہورن نے ملاقات کی، پاکستان ،جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے آسیان ،جنوب مشرقی ایشیائی خطے کے ساتھ پاکستان کی دیرینہ شراکت داری مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا موجودہ خیرسگالی کو ٹھوس اقتصادی ،ترقیاتی شراکت داری میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے،پاکستان وسطی ایشیا، مشرق وسطیٰ ،مغربی ایشیا کے سنگم پر واقع اور وسیع تر خطے کےلئے گیٹ وے کی حیثیت رکھتا ، علاقائی روابط، تجارت ،اقتصادی انضمام کو فروغ مل سکتا ہے۔
آسیان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر کاو کم ہورن نے پرتپاک مہمان نوازی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا اور پاکستان کےساتھ تعلقات مضبوط بنانے کےلئے آسیان کے عزم کا اعادہ کیا،ڈاکٹر کاو کم ہورن نے پاکستان کی جانب سے قریبی روابط کے قیام میں دلچسپی کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی مسلسل تعاون اور موجودہ دورہ دونوں فریقین کی شراکت داری کو مزید آگے بڑھانے میں معاون ثابت ہوگا۔
کارکردگی جانچنے کیلئے نظام تشکیل، اہداف میں تاخیر برداشت نہیں : وزیراعظم
















