نئے صوبوں کے معاملے پر تمام سیاسی جماعتیں پارلیمنٹ میں کھل کر بحث کریں :سپیکر پنجاب اسمبلی

لاہور (اپنے نمائندے سے) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام کا معاملہ محض انتظامی اخراجات تک محدود نہیں بلکہ وسائل کی منصفانہ تقسیم اور عوام کی ریاستی معاملات میں موثر شمولیت سے جڑا ہے، اس لیے تمام سیاسی جماعتوں کو پارلیمنٹ میں اس معاملے پر کھل کر بحث کرنی چاہیے اور اپنا واضح موقف عوام کے سامنے رکھنا چاہیے،وسائل کی غیر مساوی تقسیم سے محرومی اور احساس تفاوت میں اضافہ ہوتا ہے، ہر شہری کو اس کا جائز حصہ ملنا چاہیے۔پنجاب اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سپیکر ملک محمد احمد خان نے کہا کہ عوامی رائے لینا اور صوبے کی حدود تبدیل کرنا دو الگ معاملات ہیں، آئین میں کہیں یہ نہیں لکھا کہ صوبوں کی حدود میں تبدیلی کے معاملے پر عوامی رائے نہیں لی جا سکتی، پارلیمنٹ یہ طے کرنے کا اختیار رکھتی ہے کہ ریفرنڈم کن سوالات اور کن علاقوں میں منعقد ہونا چاہیے۔ براہ راست جمہوریت اور نمائندہ جمہوریت دونوں کی اپنی اہمیت اور آئینی حیثیت ہے۔ملک محمد احمد خان نے سوال اٹھایا کہ اگر صوبوں کی حدود میں تبدیلی صوبائی اسمبلی کا اختیار ہے تو 2012ءمیں قومی اسمبلی اور سینیٹ میں پنجاب کی تقسیم سے متعلق قراردادیں کیوں منظور کی گئیں؟ ۔پیپلز پارٹی کے موقف پر بھی وضاحت طلب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ میں صوبے کی تقسیم کی مخالفت اور پنجاب میں نئے صوبوں کی حمایت کس منطق کے تحت کی جا رہی ہے؟ ،پیپلز پارٹی کو واضح کرنا چاہیے کہ اس کے اس موقف کی بنیاد کیا ہے۔سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں نئے صوبوں کے معاملے پر بحث کرانا اپوزیشن کا آئینی حق ہے اور اس موضوع پر ایوان میں بات ہونی چاہیے۔ نئے صوبوں کے قیام کے اخراجات کے حوالے سے حتمی اعداد و شمار دینا ان کا موقف نہیں، اصل مسئلہ عوام کو وسائل کی منصفانہ فراہمی ہے۔انہوں نے آئینی تشریح کے حوالے سے کہا کہ اس مقصد کیلئے متعلقہ آئینی فورم موجود ہے، عدالت کو آئین دوبارہ لکھنے کے بجائے اس کی تشریح کرنی چاہیے۔ وفاق اور صوبوں کے درمیان سیاسی اختلافات کو بھی آئینی دائرے میں رہتے ہوئے حل کیا جانا چاہیے۔