محسن نقوی کی ملاقات،عوام کو ریلیف کی فراہمی ترجیح ہونی چاہیے،نعیم الرحمن

لاہور:(اپنے نمائندے سے)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے منصورہ میں امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن سے اہم ملاقات کی، ملک کی مجموعی صورتحال اور امن و امان کے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں ملکی سکیورٹی کی مجموعی صورتحال کے ساتھ ساتھ مہنگائی اور عوام کو درپیش دیگر مسائل بھی زیر بحث آئے۔ دونوں رہنماوں نے آئندہ بھی مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سب کو اپنا موثر کردار ادا کرنا ہے۔

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم نے کہا کہ عوام کو ریلیف کی فراہمی سب سے اہم ترجیح ہونی چاہیے۔ حکومت کو امن و امان کی بہتری کے لیے بھی اقدامات کرنے چاہئیں، تاہم عوام صرف امن و امان ہی نہیں بلکہ غربت، مہنگائی اور دیگر معاشی مسائل کی چکی میں بھی پس رہے ہیں، جن کے حل کے لیے حکومت کو فوری اقدامات اٹھانے ہوں گے۔ بجلی اور گیس کے بھاری بلوں نے متوسط اور غریب طبقے کی کمر توڑ دی۔