کراچی (مشرق نیوز) ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما اور وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال نے کہا ہے کہ جو کانٹا چبھنے کی تکلیف برداشت نہیں کرسکتے وہ نءےصوبوں پر سندھ کے شہری علاقوں کو خون میں نہلانے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔
کراچی کے ضلع کورنگی کے ذمہ داران اور کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے مصطفی کمال نے کہا کہ 73 کا آئین پاکستان آسمانی صحیفہ نہیں، آئین کی خود ساختہ چیمپئین پیپلزپارٹی اپنے بانی ذوالفقاربھٹو کے آئین میں27 ترامیم کرواچکی ہے، 18 رویں ترمیم کے بعد وفاق بجٹ کے پہلے دن ہی مالی طور پر لاچار ہے، صوبے ہزاروں ارب لینے کے باوجود ذمہ داریاں ادا کرنے سے گریزاں ہیں، 16 سال میں وفاق سے 22 ہزار ارب روپے ملنے کے باوجود کراچی سے کشمور تک دھول اڑ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں کی تحریک عام انتخابات یا نشستوں کے حصول کا معاملہ نہیں بلکہ پاکستان کی بقاءاور اگلی نسلوں کے مستقبل کی سنجیدہ جدوجہد ہے، جو کانٹا چبھنے کی تکلیف برداشت نہیں کرسکتے، وہ نئے صوبوں پر سندھ کے شہری علاقوں کو خون میں نہلانے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کراچی تیار ہے، ظلم کا خاتمہ ہوگا اور مظلوم عوام کیلئے راحت کا دور شروع ہونے والا ہے، یہ ایک تاریخی موقع ہے، انشاءاللہ اگلے سال سے پاکستان کی حقیقی آزادی کے دائمی عہد کا آغاز ہوگا اور نئے صوبوں کے حق میں اپنی تاریخ کے سب سے بڑے اجتماع میں کراچی اپنا فیصلہ سنائے گا۔

















