لاہور (انٹرویو: میاں ساجد) چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ اور رکن صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 138 پیر اشرف رسول نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ہونیوالی ملاقات کو سوشل میڈیا پر منفی رنگ دینا، حقائق کے برعکس قیاس آرائیاں کرنا اور میری ذات کو غیر ضروری سیاسی بحث کا موضوع بنانا انتہائی افسوسناک ہے۔ میری وزیر اعلیٰ پنجاب سے ملاقات 17 نومبر کو ہوئی تھی جبکہ بعض سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور وی لاگز میں اس ملاقات کو 19 نومبر کی تاریخ سے منسوب کرکے مختلف بے بنیاد کہانیاں گھڑی گئیں۔ ملاقات کی اصل تاریخ وزیر اعلیٰ پنجاب کے سرکاری فیس بک پیج پر بھی دیکھی جا سکتی ہے۔ صحافت کا بنیادی تقاضا تحقیق، تصدیق اور حقائق پر مبنی خبر کی اشاعت ہے، لیکن افسوس کہ بعض افراد نے تصدیق کے بغیر میری ذات سے متعلق ایسے تبصرے اور تجزیے پیش کئے جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔روزنامہ ”مشرق“ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے پیر اشرف رسول نے کہا کہ سیاست کے میدان میں میری شمولیت کا بنیادی مقصد عوامی خدمت، اپنے حلقے کے مسائل کی نشاندہی، ان کا حل اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔ عوام نے مجھے اپنے اعتماد سے نوازا ہے اور میں اس اعتماد کو اپنی ذمہ داری سمجھتا ہوں۔ حلقہ پی پی 138 تحصیل فیروزوالہ ضلع شیخوپورہ کے عوام کو درپیش مسائل کے حل کیلئے مسلسل کوشاں ہوں۔ بالخصوص سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بنیادی سہولیات کی بحالی، ٹوٹ پھوٹ کا شکار سڑکوں کی تعمیر و مرمت اور دیگر عوامی مسائل ایسے معاملات ہیں جن پر فوری توجہ کی ضرورت تھی۔ انہی مسائل کے حل کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ملاقات کی اور اپنے حلقے کے عوام کی مشکلات ان کے سامنے رکھیں۔انہوں نے کہا کہ ملاقات کا ایک اہم ایجنڈا فیروزوالہ کے قبرستان کا مسئلہ تھا، جو اہل علاقہ کیلئے عرصہ دراز سے اہمیت کا حامل ہے۔ اس کے علاوہ حلقے کی مختلف سڑکوں کی خستہ حالی اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے مسائل بھی زیر بحث آئے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عوامی مشکلات کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ امور پر احکامات جاری کیے، جو میرے لیے باعث اعزاز اور اہل علاقہ کیلئے امید افزا پیش رفت ہے۔ بطور منتخب نمائندہ میرا فرض ہے کہ اپنے حلقے کے مسائل اعلیٰ حکومتی فورمز پر اٹھاو¿ں اور ان کے حل کیلئے ہر ممکن کوشش کروں۔ اگر عوامی مسائل کے حل کیلئے وزیر اعلیٰ سے ملاقات کرنا بھی کسی کی نظر میں قابل اعتراض ہے تو یہ سمجھ سے بالاتر ہے، کیونکہ عوامی نمائندے کا اصل کام ہی عوام کی آواز متعلقہ حکام تک پہنچانا ہے۔پیر اشرف رسول نے کہا کہ بعض وی لاگرز نے میری اس ملاقات کو غیر ضروری سیاسی مفہوم دے کر یہ تاثر دینے کی کوشش کی کہ شاید میں کسی وزارت کا خواہش مند ہوں یا کسی مخصوص سیاسی گروپ سے وابستگی کے حوالے سے کوئی نئی صف بندی ہو رہی ہے۔ ان خبروں میں قطعاً کوئی صداقت نہیں۔ وزارت کے حصول، سیاسی گروپ بندی یا کسی دھڑے سے ہمدردی کی باتیں محض قیاس آرائیاں اور بے بنیاد پروپیگنڈا ہیں۔ میری گفتگو اور ملاقات کا محور صرف اور صرف حلقہ پی پی 138 کے عوامی مسائل تھے۔ میری ذات کو سیاسی مفادات اور گروپوں کی تقسیم کے ساتھ جوڑنا حقیقت کو مسخ کرنے کے مترادف ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ میرا تعلق پاکستان مسلم لیگ (ن) سے ہے اور جماعت کے ساتھ میری وابستگی کسی سے پوشیدہ نہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف صوبے کی وزیر اعلیٰ اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت کی نمائندہ ہیں، لہٰذا ایک منتخب رکن اسمبلی کی حیثیت سے اپنے حلقے کے مسائل ان کے سامنے پیش کرنا میرا آئینی، سیاسی اور جمہوری حق بھی ہے اور ذمہ داری بھی۔ اس ملاقات کو وزارت کے حصول یا کسی سیاسی گروپ میں شمولیت سے جوڑنے کا کوئی جواز نہیں۔ میں اپنی جماعت کے ساتھ وابستگی اور عوامی خدمت کے ایجنڈے پر قائم ہوں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پرنٹ میڈیا، الیکٹرانک میڈیا اور سوشل میڈیا سے وابستہ صحافیوں اور دوست احباب کو خبر دینے اور عوام تک معلومات پہنچانے کا پورا حق حاصل ہے، لیکن اس آزادی کے ساتھ ذمہ داری بھی وابستہ ہے۔ کسی بھی خبر کو نشر یا شائع کرنے سے پہلے متعلقہ فریق کا موقف لینا، حقائق کی جانچ کرنا اور معلومات کی تصدیق کرنا صحافتی اصولوں کا بنیادی حصہ ہے۔ محض سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی باتوں کو بنیاد بنا کر کسی شخصیت کے بارے میں منفی تاثر قائم کرنا ذمہ دارانہ صحافت نہیں۔ اختلاف رائے اور تنقید جمہوری معاشرے کا حسن ہیں، لیکن تنقید حقائق پر مبنی ہونی چاہیے، نہ کہ ذاتی مفروضوں اور غیر مصدقہ اطلاعات پر۔انہوں نے مزید کہا کہ بعض وی لاگرز نے میری ملاقات کو مختلف سیاسی زاویوں سے پیش کرتے ہوئے گروپوں کی تقسیم، وزارت کے حصول اور دیگر معاملات کو میری ذات سے منسلک کیا، حالانکہ ان باتوں کی کوئی حقیقت نہیں تھی۔ صورتحال کی وضاحت کیلئے مجھے خود ویڈیو کلپ کے ذریعے اپنا موقف پیش کرنا پڑا تاکہ عوام کے سامنے اصل حقائق آ سکیں۔ کسی بھی عوامی نمائندے کے بارے میں غیر مصدقہ باتوں کو بار بار نشر کرنا اس کی ساکھ متاثر کرنے کے ساتھ عوام میں بھی غلط فہمیاں پیدا کرتا ہے۔پیر اشرف رسول نے کہا کہ میں عوامی نمائندہ ہوں اور اپنے حلقے کے لوگوں کو جواب دہ ہوں۔ میری اولین ترجیح حلقے کی ترقی، عوامی مسائل کا حل، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور متاثرہ علاقوں کی بحالی ہے۔ فیروزوالہ قبرستان کا مسئلہ ہو، ٹوٹی پھوٹی سڑکوں کی تعمیر و مرمت ہو یا سیلاب زدہ علاقوں کے عوام کی مشکلات، ان تمام معاملات کے حل کیلئے متعلقہ حکومتی اداروں سے رابطے اور کوششیں جاری رکھوں گا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے مسائل کے حل کیلئے احکامات جاری ہونا خوش آئند ہے اور امید ہے کہ متعلقہ محکمے ان پر عملی پیش رفت یقینی بنائیں گے۔انہوں نے آخر میں کہا کہ میری وزیر اعلیٰ پنجاب سے ملاقات کو جس انداز میں سوشل میڈیا پر پیش کیا گیا، وہ حقائق کے منافی ہے۔ صحافت معاشرے کا اہم ستون اور عوام تک سچ پہنچانے کا معتبر ذریعہ ہے۔ صحافی برادری سے میری گزارش ہے کہ کسی بھی خبر کو نشر کرنے سے پہلے اس کی تاریخ، پس منظر اور متعلقہ فریق کا موقف ضرور معلوم کیا جائے۔ تنقید ضرور کریں، سوال بھی اٹھائیں، لیکن کسی کی ذات کو بے بنیاد الزامات اور قیاس آرائیوں کی بنیاد پر متنازع بنانے سے گریز کیا جائے۔ میرے لیے عہدہ یا وزارت نہیں بلکہ اپنے حلقے کے عوام کی خدمت، ان کے مسائل کا حل اور ان کے اعتماد پر پورا اترنا ہی سب سے بڑی ترجیح اور سیاسی کامیابی ہے۔
وزیر اعلیٰ سے ملاقات کو سیاسی رنگ دینا افسوسناک ہے: پیر اشرف رسول


















