تمام پراجیکٹس کو مقررہ وقت اور اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کیا جائے: کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بیورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر سہیل انور چوہدری نے کمشنر آفس کا تفصیلی دورہ کیا اور تمام شعبہ جات کے انتظامات، دفتری کارکردگی اور عمارت کی صورتحال کا مکمل جائزہ لیا۔ دورے کے دوران کمشنر ساہیوال نے آفس کے تمام ڈیپارٹمنٹس کا تفصیلی معائنہ کیا اور وہاں تعینات متعلقہ سٹاف سے ملاقات کر کے ان کے دفتری امور کی کارکردگی کو چیک کیا۔ انہوں نے دفتری عمارت کے مختلف حصوں کا معائنہ کرتے ہوئے سروس ڈیلیوری اور دفتری ماحول کو مزید بہتر اور فعال بنانے کیلئے افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں۔ ڈاکٹر سہیل انور چوہدری نے جاری مختلف ترقیاتی کاموں کے حوالے سے خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام پراجیکٹس کو مقررہ وقت اور اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کیا جائے۔ اس موقع پر کمشنر ساہیوال کے ہمراہ ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اینڈ فنانس شفیق احمد ڈوگر، ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، ایڈیشنل کمشنر ریونیو محمد خالد، اسسٹنٹ کمشنر ریونیو رانا نوید، اسسٹنٹ کمشنر جنرل غلام حسین بھٹی سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔