نارووال، اسلام آباد (بیورو رپورٹ)وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ سرکاری ملازمین لوگوں کیلئے آسانیاں پیدا کریں،نارووال کو تعلیم کے لحاظ سے ماڈل بناﺅں گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ میں جونیئر کلرک پروموٹ ہونے والے اہلکاروں میں پروموشن آرڈرز تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ شفاف پراسس کے بعد پروموٹ ہونے والے جونیئرکلرکس مبارکباد کے مستحق ہیں۔آپ کی پروموشن مکمل طور پر آپ کی اپنی اہلیت پر ہوئی ہے۔کسی سیاسی وابسطگی سے ہٹ کر آپ لوگوں کو پروموٹ کیا گیا ہے اس لئے اب یہ آپکا بھی فرض ہے کہ آپ اپنی زندگی میں میرٹ کے مطابق ہی کام کریں۔میں نے ہمیشہ یہ کوشش کی ہے کہ ہم نارووال کو تعلیم کے لحاظ سے ایک ماڈل بناں۔اب آپکا فرض ہے کہ آپ لوگوں کے لئے آسانی کا باعث بنیں نہ کہ لوگ آپکی وجہ سے تنگ ہوں۔آج سے پہلے جو نارووال ایک پسماندہ علاقے کے طور پر جانا جاتا تھا آج اللہ تعالی کے فضل سے ملک بھر میں اس نارووال کی ترقی کی مثال دی جاتی ہے۔2008ءکے نارووال اور آج کے نارووال میں زمین آسمان کا فرق ہے۔ابھی ہمارا سفر ختم نہیں ہوا ابھی تو صرف ابتدا ہوئی ہے۔ پروموشن کی شفافیت کو قائم رکھنے پر وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی احسن اقبال نے ڈپٹی کمشنر نارووال محمد طیب خان اور انکی ساری ٹیم کو مبارکباد بھی پیش کی۔اس موقع پر وفاقی وزیر احسن اقبال نے پروموٹ ہونے والے اہلکاروں میں انکے آرڈرز بھی تقسیم کئے۔ دریں اثناءوفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے حکومتی اداروں کے درمیان ڈیٹا شیئرنگ کے نظام کو مضبوط بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ مستند سرکاری اعداد و شمار تک موثر رسائی، ادارہ جاتی رابطوں کے فروغ اور شواہد پر مبنی پالیسی سازی کیلئے ضروری ہے کہ ڈیٹا کے مختلف ذرائع کو مربوط کیا جائے۔وہ پاکستان بیورو آف شماریات کے ہیڈکوارٹرز میں نیشنل سینٹر فار سائبر کنیکٹیویٹی (این تھری سی)میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ اجلاس میں پی بی ایس، وفاقی وزارتوں، ڈویژنز اور سرکاری اداروں کے درمیان ڈیٹا کے محفوظ اور مربوط تبادلے کے طریقہ کار کا جائزہ لیا گیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان بیورو آف شماریات حال ہی میں تین بڑے قومی شماریاتی سروے مکمل کر چکا ہے جن میں ساتویں مردم شماری و خانہ شماری 2023، زرعی شماری 2024 اور اقتصادی شماری 2023 شامل ہیں، جبکہ ادارے نے مختلف سروے بھی کیے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پی بی ایس کے پاس جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ٹئیر تھری معیار کا ڈیٹا سینٹر موجود ہے، جہاں عالمی معیارات کے مطابق سرکاری ڈیٹا کو محفوظ انداز میں ذخیرہ کیا جا سکتا ہے۔احسن اقبال نے وفاقی اور صوبائی اداروں کے ساتھ باقاعدہ رابطوں اور اشتراک عمل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ محفوظ ڈیٹا شیئرنگ بہتر منصوبہ بندی اور باخبر پالیسی سازی کیلئے ناگزیر ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ معلومات کا تبادلہ متعلقہ قانونی اور پالیسی فریم ورک کے تحت ہونا چاہیے۔
سرکاری ملازمین عوام کیلئے آسانیاں پیدا کریں، نارووال کو ماڈل بناﺅنگا:احسن اقبال


















