جماعت اسلامی کے پنجاب بھر کی شوگر ملوں کے باہر احتجاجی مظاہرے

لاہور (اپنے نمائندے سے) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی ہدایت پر 20 نومبر، جمعتہ المبارک کو کسانوں کے معاشی قتل عام کے خلاف فیصل آباد، گوجرانوالہ ، شیخوپورہ، اوکاڑہ ، قصور، نارروال،حافظ آباد،اوکاڑہ ،چنیوٹ،جھنگ،ٹوبہ ٹیک سنگھ سمیت پنجاب بھر میں شوگر ملوں کے باہر احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ احتجاجی مظاہروں میں جماعت اسلامی کی مرکزی، صوبائی، ضلعی اور مقامی قیادت سمیت ہزاروں کسانوں نے بھرپور شرکت کی۔ مظاہرین نے اپنے مطالبات کے حق میں شدید نعرے بازی کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ کسانوں کا استحصال اور معاشی قتل عام فوری بند کیا جائے، گنے کی کرشنگ کا آغاز کیا جائے، بند شوگر ملوں کو فوری چلایا جائے اور گنے کی قیمت 700 روپے فی من مقرر کی جائے تاکہ کاشتکاروں کو ان کی محنت کا جائز معاوضہ مل سکے۔جماعت اسلامی پنجاب وسطی کے مختلف شہروں میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں میں صوبائی قیادت نے بھرپور شرکت کی ۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے جڑانوالہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور سمندری میں احتجاجی مظاہروں کی قیادت کی۔ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پنجاب وسطی ڈاکٹر بابر رشید نے اوکاڑہ اور پتوکی، نائب امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی رانا عبد الوحید خان نے جھنگ، ڈپٹی سیکرٹری جنرل مہر بہادر خان جھنگر نے چنیوٹ، صدر کسان بورڈ پنجاب وسطی میاں رشید منہال نے پتوکی جبکہ ڈپٹی سیکرٹری جنرل رانا تحفظ دستگیر احمد نے شاہ کوٹ میں احتجاجی مظاہروں میں شرکت اور قیادت کی۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا کہ حکمرانوں کی کسان دشمن پالیسیوں نے ملکی زراعت اور معیشت کو شدید خطرات سے دوچار کر دیا ہے۔ گنے کی کرشنگ میں تاخیر اور شوگر ملوں کی بندش سے لاکھوں کاشتکار معاشی مشکلات کا شکار ہیں۔ کسان اپنی فصل تیار کرنے کیلئے بیج، کھاد، ڈیزل، بجلی اور زرعی ادویات پر بھاری اخراجات برداشت کرتا ہے، لیکن جب فصل فروخت کرنے کا وقت آتا ہے تو اسے حکومتی عدم توجہی اور شوگر مل مالکان کی من مانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کسان ملکی معیشت اور غذائی تحفظ میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے، لیکن بدقسمتی سے حکمران طبقہ اسے ریلیف دینے کے بجائے مسلسل مشکلات میں دھکیل رہا ہے۔ حکومت فوری طور پر گنے کی کرشنگ شروع کروائے، تمام بند شوگر ملیں چلانے کے احکامات جاری کرے اور گنے کی قیمت 700 روپے فی من مقرر کرے۔ کاشتکاروں کو ان کی فصل کا بروقت اور منصفانہ معاوضہ فراہم کیا جائے۔محمد جاوید قصوری نے خبردار کیا کہ اگر کسانوں کے جائز مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو جماعت اسلامی کاشتکاروں کے حقوق کے تحفظ کیلئے اپنی جدوجہد مزید تیز کرے گی۔