ایل ڈی اے سٹی اراضی خریداری میں 24 مشکوک ادائیگی واوچرز ، انکوائری نامکمل

لاہور (میاں ذیشان) ایل ڈی اے سٹی اراضی خریداری میں 24 مشکوک ادائیگی واﺅچرز کا معاملہ، ایک ماہ گزرنے کے باوجود انکوائری مکمل نہ ہو سکی، جعلسازی میں ملوث سرکاری ملازمین کا تعین بھی نہ ہو سکا۔ تحقیقاتی کمیٹی کی کارروائی اور اضافی معاوضوں کی ادائیگیوں کی جانچ پڑتال تاحال نامکمل، مبینہ مالی بے ضابطگیوں میں ملوث ذمہ داروں کے خلاف کارروائی بھی سوالیہ نشان بن گئی۔متاثرہ زمینداروں کو اضافی ادائیگیوں کی ریکوری نہ ہو سکی، مشکوک واﺅچرز کی تبدیلی اور کٹنگ کے معاملے پر بھی کوئی حتمی پیشرفت سامنے نہ آ سکی۔ڈی جی ایل ڈی اے کی جانب سے تشکیل دی گئی چار رکنی کمیٹی ایک ماہ گزرنے کے باوجود اپنی انکوائری مکمل کرنے اور ذمہ داروں کا تعین کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی، سرکاری خزانے اور متاثرہ مالکان کے مالی مفادات کے تحفظ کے حوالے سے بھی صورتحال غیر واضح ہے۔ ڈائریکٹر جنرل لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی طاہر فاروق اور ترجمان ایل ڈی اے اسامہ محمود سے موقف حاصل کرنے کیلئے متعدد بار رابطہ کیا گیا، تاہم ان کی جانب سے تاحال کوئی مﺅقف یا وضاحت فراہم نہیں کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) سٹی میں اراضی کی خریداری کے دوران 24 مشکوک ادائیگی واﺅچرز پر کٹنگ، ردوبدل اور مبینہ مالی بے ضابطگیوں کا معاملہ ایک ماہ گزرنے کے باوجود منطقی انجام تک نہ پہنچ سکا، ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کی ہدایت پر تشکیل دی گئی چار رکنی تحقیقاتی کمیٹی تاحال انکوائری مکمل کرکے اپنی حتمی رپورٹ پیش نہیں کر سکی، جبکہ مبینہ فراڈ اور جعلسازی میں ملوث کرپٹ سرکاری ملازمین کی نشاندہی، ان کے خلاف محکمانہ یا قانونی کارروائی اور متاثرہ زمینداروں کو اضافی معاوضوں کی مد میں ہونے والی مبینہ اضافی ادائیگیوں کی ریکوری بھی سامنے نہیں آ سکی۔ تفصیلات کے مطابق ایل ڈی اے سٹی میں اراضی کی خریداری اور مالکان کو معاوضوں کی ادائیگی کے دوران 24 ادائیگی واﺅچرز میں مبینہ کٹنگ اور ردوبدل کی نشاندہی ہوئی تھی، جس پر ڈی جی ایل ڈی اے نے معاملے کی تحقیقات کیلئے چار رکنی کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے متعلقہ افسران اور پٹواریوں سے وضاحت طلب کرنے اور تمام سابقہ ادائیگیوں کے ریکارڈ کی ازسرنو جانچ پڑتال کی ہدایت کی تھی۔ ابتدائی تحقیقات کے دوران بعض واﺅچرز میں درج رقوم تبدیل کرنے اور نظرثانی شدہ واﺅچرز جاری کرنے کا معاملہ سامنے آیا، جبکہ متعلقہ عملے کی جانب سے مﺅقف اختیار کیا گیا کہ پہلے جاری کئے گئے واﺅچرز میں رقم کے اندراج کی غلطیوں کے باعث نئے واﺅچرز تیار کیے گئے تھے، تاہم اس وضاحت کی باقاعدہ تصدیق اور ذمہ داری کے تعین کیلئے کمیٹی کی تحقیقات مکمل ہونا ضروری تھیں۔ ذرائع کے مطابق بعض اراضی مالکان کو ڈپٹی کمشنر ریٹ سے زائد معاوضے کی ادائیگی کے معاملے میں بھی مختلف فہرستوں اور ادائیگی واﺅچرز کے ذریعے رقوم کے اندراج اور تقسیم پر سوالات اٹھائے گئے تھے، جس کے باعث یہ خدشات سامنے آئے کہ آیا تمام متاثرہ مالکان کو ان کے منظور شدہ استحقاق کے مطابق مکمل رقم ادا کی گئی یا نہیں۔ حیران کن امر یہ ہے کہ ایک ماہ سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود نہ تو مشکوک واﺅچرز کی مکمل چھان بین کے نتائج سامنے آسکے، نہ ہی مبینہ جعلسازی میں ملوث افسران اور پٹواریوں کی ذمہ داری کا تعین کیا جا سکا اور نہ ہی اضافی ادائیگیوں کی مد میں کسی ریکوری یا رقم کی واپسی کی مصدقہ تفصیلات جاری کی گئیں۔ مزید برآں متعلقہ ملازمین کے خلاف معطلی، شوکاز نوٹس، محکمانہ انکوائری یا کسی قانونی کارروائی کی بھی تصدیق نہیں ہو سکی، جس سے تحقیقاتی عمل کی رفتار اور شفافیت پر سوالات جنم لے رہے ہیں۔ شہری حلقوں اور متاثرہ اراضی مالکان کی جانب سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ تحقیقاتی کمیٹی کی حتمی رپورٹ منظرعام پر لائی جائے، مشکوک ادائیگیوں کا مکمل مالی آڈٹ کروایا جائے، ذمہ دار سرکاری ملازمین کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے اور جن مالکان کو ان کے منظور شدہ معاوضے سے محروم رکھا گیا ہے انہیں مکمل ادائیگیاں یقینی بنانے کے ساتھ کسی بھی غیر قانونی اضافی ادائیگی کی رقم واپس وصول کی جائے۔اس سے ڈائریکٹر جنرل لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی طاہر فاروق اور ترجمان ایل ڈی اے اسامہ محمود سے مﺅقف حاصل کرنے کیلئے متعدد بار رابطہ کیا گیا، تاہم ان کی جانب سے تاحال کوئی مﺅقف یا وضاحت فراہم نہیں کی گئی۔ اگر ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے طاہر فاروق یا ترجمان اسامہ محمود اس معاملے پر اپنا مﺅقف، وضاحت یا ردعمل دینا چاہیں تو ادارہ ہٰذا میں ان کا مﺅقف من و عن شائع کیا جائےگا۔