پاکستان میں امن و استحکام، بین المسالک ہم آہنگی مشترکہ ذمہ داری ہے: مقررین

لاہور (اپنے نمائندے سے) سیکرٹری /چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا ہے کہ پاکستان کا امن و استحکام، اتحادِ امت، مذہبی رواداری اور بین المسالک ہم آہنگی قومی ترقی اور خوشحالی کے بنیادی تقاضے ہیں، جن کے فروغ کیلئے معاشرے کے تمام طبقات بالخصوص علمائے کرام اور مذہبی رہنماں کو مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانا ہوں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیغامِ پاکستان امن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جس میں مختلف مکاتبِ فکر کے جید علماءکرام، مذہبی رہنماﺅں اور معززین علاقہ نے شرکت کی۔ ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا کہ وطنِ عزیز پاکستان سے محبت، اس کی سلامتی اور استحکام کا تحفظ ہم سب کا دینی، ملی اور قومی فریضہ ہے، جبکہ حرمین شریفین کا تحفظ ہمارے ایمان اور عقیدت کا لازمی حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ محراب و منبر معاشرے میں اخوت، برداشت، رواداری، احترامِ انسانیت اور مثبت سماجی اقدار کے فروغ میں نہایت اہم کردار ادا کر سکتے ہیں لہٰذا علمائے کرام اپنی دینی و اخلاقی ذمہ داریوں کو مثر انداز میں ادا کرتے ہوئے نوجوان نسل کو امن، محبت اور بھائی چارے کا پیغام دیں۔ اس موقع پر چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان مولانا عبدالخبیر آزاد نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان ہم سب کا مشترکہ وطن ہے اور اس کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کیلئے اتحاد و اتفاق، باہمی احترام اور قومی یکجہتی ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام مکاتبِ فکر کے علمائے کرام کو نفرتوں کے خاتمے، مذہبی ہم آہنگی اور اتحادِ امت کے فروغ کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے تاکہ پاکستان کو امن و محبت کا گہوارہ بنایا جا سکے۔ کانفرنس کے دوران اسٹیج پر آویزاں بینرز پر حب الوطن من الایمان اور حرمین شریفین کا تحفظ ہمارے ایمان کا حصہ ہے کے ایمان افروز اور حب الوطنی پر مبنی پیغامات بھی نمایاں رہے۔ کانفرنس کے اختتام پر ڈاکٹر احسان بھٹہ، مولانا عبدالخبیر آزاد اور دیگر شرکا نے ڈائس پر یکجا ہو کر ایک دوسرے کے ہاتھ تھامے اور بلند کیے، جس کے ذریعے پاکستان میں پائیدار امن، اتحاد، مذہبی رواداری، بین المسالک ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی، استحکام، ترقی و خوشحالی، امتِ مسلمہ کے اتحاد اور وطنِ عزیز کو امن و آشتی کا گہوارہ بنانے کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔