ری سیٹ جمہوری ہونا چاہیے،26، 27ویں ترمیم اور عمران خان کی قید پر بھی ریفرنڈم کرائیں،بلاول بھٹو

ملتان: (بیورورپورٹ) چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے صوبوں کے معاملے پر پنجاب ،سندھ اسمبلی کی منظور کردہ قراردادوں کی حمایت کرتے ہیں، صوبوں کے معاملے پر ریفرنڈم ہوسکتا ہے تو 26، 27ویں ترمیم اور عمران خان کی سیاسی قید پر بھی عوامی رائے لی جائے، حکومت ، اپوزیشن میں اعتماد کا فقدان،ری سیٹ جمہوری انداز میں ہونا چاہیے، تمام سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینا ضروری ہے۔

ملتان میں میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا پیپلز پارٹی ،پی ٹی آئی میں بھی اعتماد کی کمی ،اپوزیشن کو انتخابی اصلاحات کمیٹی میں شامل ہونا چاہیے،الیکشن صاف و شفاف ہونے تک عوام کاانتخابی نظام پر اعتماد بحال نہیں ہوگاتب تک انتخابات یا ریفرنڈم متنازع رہیں گے،میرے موقف پر جیسا ری ایکشن آیا وہ غلط ، میں نے اپنا موقف سب کے سامنے رکھا تھا، خون بہانے کی بات نہیں کی گئی، خون دینے والوں میں سے ہیں، موجودہ و سابق اسمبلی کی قرارداد کی بنیاد پر فیصلہ ہوسکتا ہے، کسی ریفرنڈم کی ضرورت نہیں، ذاتی طور پرپنجاب کی تقسیم کے خلاف ہوں، مجھ پر تنقید ہوتی ہے پنجاب کو اتنا وقت نہیں دے سکا، پنجاب کے کسی ایسے شخص سے نہیں ملا جس نے کہا ہو پنجاب کے ٹکڑے کیے جائیں، کبھی نہیں سنا پنجاب کے 4 ٹکڑے کردیئے جائیں، صوبے آئینی، جمہوری طریقے سے بننے چاہئیں۔

چیئرمین پی پی نے کہا9 مئی والے نہیں، صرف اپنا موقف سامنے رکھا ،معاشی و سیاسی استحکام دیکھنا چاہتے ہیں، ایسا تگڑا سسٹم بنانا چاہتے ہیں تمام سازشوں ،مسائل کا سامنا کرسکیں،پاکستان معاشی بحران کا سامنا کررہا اپنی زندگی میںاتنے برے معاشی حالات نہیں دیکھیں، سیاسی قیادت کی ذمہ داری ہے عوام کو زمینی حقائق سے آگاہ کریں، سیلاب کے بعد پنجاب کے عوام کے حالات خود دیکھے، پیپلز پارٹی کے نمائندوں ، کارکنوں کو سیلاب کے دوران کام کرتے دیکھا، کارکنوں نے جس طرح پنجاب کے عوام کا ساتھ دیا وہ مثال تھا، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ مشکل میں پنجاب کے عوام کا ساتھ دیا۔

بلاول بھٹو نے کہالگتا ہے معاشی بحران بہتر نہیں ہوگا، مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، خطے میں جنگ کا بوجھ شہری اپنے کندھوں پر اٹھارہے ہیں، ملک میں مہنگائی ،بیروزگاری بڑھ چکی ، کسان پریشان ، عالمی حالات میں جلد بہتری ہوتی نظر نہیں آرہی، موجودہ حالات میں ملکی سیاست میں ری سیٹ کی ضرورت ہے،چاہتے ہیں سسٹم عوام کی خدمت کرے تو ملک میں اتحاد قائم کرنا ہوگا، اداروں میں اعتماد بحال کرنا ہوگا تب ہی مسائل حل ہوں گے، عوام کے بنیادی مسائل پر توجہ نہیں دی جارہی، عوام 2 وقت کی روٹی کیلئے پریشان ہیں، کاشتکاروں ،مزدوروں کو حق نہیں مل رہا، سٹیک ہولڈرز کی ذمہ داری ہے مسائل پر توجہ دیں، معاشی بوجھ کم کرنے کیلئے توجہ دینا ہوگی، تنخواہ دار طبقہ پوری تنخواہ صرف دفتر آنے اور جانے پر خرچ کردیتا ہے، عوام کے اصل ایشوز پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔

چیئرمین پی پی نے کہاسسٹم کا ری سیٹ جمہوری انداز میں ہو ناچاہیے،ری سیٹ میں حکومت، اتحادی و اپوزیشن جماعتیں بھی شامل ہوں، ملک کے تمام فیصلے پارلیمان سے ہوں گے،پاکستان بناتے وقت قائداعظم نے کوئی ہتھیار نہیں اٹھائے،اپنی سوچ ،جدو جہد سے ملک کی بنیاد رکھی، کامیاب معاشرے کی بنیاد آزاد صحافت بھی ہے، صحافیوں کو طاقت واپس دلوانا چاہتے ہیں، صحافی حکومتیں بناتے اورگراتے تھے،سمجھتا ہوں صحافی اقتدار میں بیٹھے لوگوں کو آئینہ دکھا سکتے ہیں،غلطیاں سب سے ہوتی ہیں مجھ سے بھی ہوئیں، سمجھتا ہوں میڈیا کی آزادی پر سنجیدہ گفتگو ہونی چاہیے۔

بلاول بھٹو نے کہاجمہوری و سیاسی ری سیٹ کرنا ہے تو تمام اداروں میں جائزہ لینا ہوگا، پارلیمان کے کمزور ہونے میں اپوزیشن کا بھی کردار رہا ہے، کمیٹیوں کا حصہ نہ بن کر اپوزیشن نے پارلیمان کو کمزور کیا، پارلیمان کی کسی کمیٹی میں اپوزیشن موجود نہیں ،اپوزیشن کو سوچنا ہوگا کیا بائیکاٹ سے فائدہ ہوا،اپوزیشن الیکٹورل ریفارمز کمیٹی کا حصہ بنے نہ صرف اتحادی بلکہ حکومتی اراکین نے بھی کہا دھاندلی ہوئی، 26ویں ترمیم کو مکمل اتفاق رائے سے منظور نہیں کیا گیا، مزید اصلاحات کرکے عدالتی نظام پر اعتماد بحال کرالیں تو جمہوری سیاسی ری سیٹ میں اہم قدم ہوگا،میرے بیان کو متنازع بنانے کی کوشش کی گئی،سیاسی انتقام کی بنیاد پراحتساب کا نظام ہمیشہ متنازع ہوگا، احتساب کا نظام ہمیشہ سیاسی مخالفین کیلئے بنایا گیا، ملک کا سسٹم تباہ ہوچکا ،وجہ جاننا ضروری ہے، 73کاآئین کلیپس کرایا گیا، کھل کر بحث ہونی چاہیے۔

چیئرمین پی پی نے کہاعوام کے مسائل منتخب نمائندے ہی حل کرسکتے ہیں،چندمیڈیا مالکان یا کاروباری افراد نہیں ،ملک میں مزید نفرت ، تقسیم کی سیاست نہیں دیکھ سکتے،اسرائیلی لابی کی بھرپور کوشش ہے پاکستان،اسلامی ممالک کو اندرونی طور پر کمزور کرے،قومی یکجہتی کی طرف آنا ہوگا،موجودہ معاشی حالات سے وزیراعظم اکیلے نہیں لڑ سکتے، وزیراعظم کے ہاتھوں کو مضبوط کرنا ہے،بلدیاتی نظام کو مزید تگڑ اکرنا چاہیے۔