ننکانہ صاحب:(نمائندہ خصوصی) سکھ مذہب کے بانی اور روحانی پیشوا سری بابا گورو نانک دیو جی کے 557ویں پرکاش پورب کی تقریبات میں شرکت کےلئے بھارت سے 939سکھ یاتریوں پر مشتمل 20گاڑیوں کا پہلا قافلہ سخت سکیورٹی انتظامات میں ننکانہ صاحب پہنچ گیا۔
ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب رعنا حمید ، ڈسٹرکٹ پولیس افسر ارسلان زاہد و دیگر ضلعی افسروں نے پرتپاک استقبال کیا ،سکھ یاتریوں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں ،ہار پہنا کر خوش آمدید کہا گیا، سری بابا گورو نانک دیو جی کے 557ویں پرکاش پورب کی تقریبات 24نومبر تک جاری رہیں گی،مذہبی تقریبات میں اندرون و بیرون ممالک سے 25ہزار سے زائد سکھ یاتریوں کی شرکت متوقع ہے ۔
قبل ازیں صوبائی وزیر اقلیتی امور و چیئرمین پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ قمر الزمان ،ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز ناصر مشتاق کے ہمراہ سکھ یاتریوں کا واہگہ بارڈر پر پرتپاک استقبال کیا۔
سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا پاکستان آمد پر بھارت سے آنےوالی سکھ سنگت کو وزیراعظم ،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے دل کی گہرائیوں سے جی آیاں نوں کہتے ہیں، پنجاب حکومت کے تمام متعلقہ ادارے مہمانوں کی خدمت ،سہولت کےلئے پوری طرح متحرک ہیں،مذہبی سیاحت ،بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ پر یقین ،سکھ برادری کےلئے مقدس مقامات کی زیارت کے دروازے ہمیشہ کھلے رکھنا چاہتے ہیں۔



















