لاہور (اپنے رپورٹر سے) پنجاب میں پروبیشن، پیرول اور جیلوں کے نظام میں موثر اصلاحات کیلئے اہم پیشرفت ہوئی ہے اور پنجاب پروبیشن اینڈ پیرول سروس اور پریزن کے 20افسران نے امریکہ میں تربیتی دورہ کامیابی سے مکمل کر لیا۔ تربیت مکمل کرنے والے افسران نے محکمہ داخلہ پنجاب میں سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی سے ملاقات کی، جنہوں نے افسران کو کامیابی پر مبارکباد دی۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق ٹریننگ آف ٹرینرز پروگرام امریکی ریاست ورجینیا میں ورجینیا ڈیپارٹمنٹ آف کریکشنز کے اشتراک سے منعقد ہوا، جسے امریکی محکمہ خارجہ کے بیورو آف انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لا انفورسمنٹ افیئرز کا تعاون حاصل تھا۔ 24 اکتوبر سے 8نومبر تک جاری رہنے والے پروگرام میں الیکٹرانک مانیٹرنگ، جی پی ایس نگرانی اور ٹیکنالوجی پر مبنی مجرمان کی نگرانی کے جدید نظام کا جائزہ لیا گیا۔ پروگرام کے دوران ”بحالی، اصلاح اور معاشرے میں دوبارہ شمولیت“کے بنیادی فلسفے کو اجاگر کیا گیا، تربیت میں شواہد پر مبنی پروبیشن اینڈ پیرول نگرانی کے جدید طریقہ کار بارے آگاہی دی گئی، ماہرین نے انسانی رویوں کی جانچ اور موٹیویشنل طریقہ گفتگو کے موثر استعمال بارے تربیت دی۔ پنجاب پروبیشن اینڈ پیرول سروس کے ہر افسر نے پنجاب میں قابلِ عمل اصلاحات کیلئے انفرادی ایکشن پلان پیش کیا۔اس موقع پر سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب پروبیشن اینڈ پیرول اور پریزن نظام کو عالمی معیار سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے، تربیتی پروگرام پنجاب میں ہائی رسک مجرمان کے انتظام اور انسداد دہشت گردی کی کوششوں میں معاون ثابت ہو گا، ماسٹر ٹرینرز فوری طور پر تربیتی پریزنٹیشنز اور ماڈیولز تیار کریں، تربیتی مواد دیگر افسران تک منتقل کر کے ان کی بھی تربیت یقینی بنائی جائے، امریکی تربیت یافتہ افسران کو اضلاع میں سپروائزری ذمہ داریاں سونپی جائیں۔سیکرٹری داخلہ نے کہا کہ پروبیشن اینڈ پیرول پر رہا ہونے والے افراد کی مثر نگرانی کیلئے موبائل ایپ جلد تیار کی جائے، تربیتی پروگرام پنجاب پروبیشن اینڈ پیرول اوفنڈر مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کو مزید مثر بنانے میں مددگار ہے۔اس موقع پر سپیشل سیکرٹری داخلہ زینب خان، آئی جی پریزن میاں سالک جلال، ایڈیشنل سیکرٹری پریزن رومان بورانہ، ڈی جی پروبیشن اینڈ پیرول ڈاکٹر احمد خاور شہزاد، چیف سائیکالوجسٹ پریزن سعدیہ ظفر و متعلقہ افسران موجود تھے۔
20 افسران کا امریکی تربیتی دورہ مکمل، پروبیشن، پیرول ، پریزن نظام میں اصلاحات کیلئے اہم پیشرفت

















