پنجاب میں گندم کے بیج کی قلت، بلیک مارکیٹنگ ، بدانتظامی کے الزامات

لاہور (نعیم جاوید) پنجاب میں گندم کی بوائی کے اہم سیزن کے دوران پنجاب سیڈ کارپوریشن کے تصدیق شدہ بیج کی عدم دستیابی، مبینہ بلیک مارکیٹنگ اور انتظامی بدانتظامی کے معاملات نے کسانوں کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔ پنجاب اسمبلی میں ارکان کی جانب سے سرکاری مراکز پر بیج کی عدم دستیابی اور نجی مارکیٹ میں مہنگے داموں فروخت کے الزامات سامنے آنے کے بعد محکمہ زراعت اور پنجاب سیڈ کارپوریشن کی کارکردگی پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ کسانوں کا شکوہ ہے کہ حکومت کی جانب سے سبسڈی فراہم کرنے کے باوجود انہیں مقررہ سرکاری نرخوں پر بیج دستیاب نہیں ہو رہا جبکہ نجی مارکیٹ میں مبینہ طور پر یہی بیج 9 ہزار سے 11 ہزار روپے اور بعض مقامات پر اس سے بھی زائد قیمت پر فروخت کیا جا رہا ہے حکومت پنجاب اور محکمہ زراعت کے مطابق گندم کے تصدیق شدہ بیج کے 50 کلوگرام تھیلے کی قیمت سبسڈی کے بعد 7 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے، جس کیلئے 32 کروڑ روپے کی سبسڈی فراہم کی گئی ہے، تاہم بوائی کے عروج کے دوران متعدد سرکاری مراکز اور فروخت کے مقامات پر بیج کی عدم دستیابی کی شکایات سامنے آئی ہیں۔ کسانوں کا کہنا ہے کہ انہیں سرکاری مراکز کے چکر لگانے کے باوجود بیج نہیں ملتا، جبکہ نجی دکانوں پر زیادہ قیمت ادا کرنے پر بیج کی دستیابی ممکن ہو جاتی ہے، جس سے سرکاری تقسیم کے نظام اور نگرانی کے طریقہ کار پر شکوک و شبہات پیدا ہو رہے ہیںپنجاب اسمبلی کے اجلاس میں رکن اسمبلی ندیم قریشی سمیت دیگر ارکان نے الزام عائد کیا ہے کہ بعض مقامات پر پنجاب سیڈ کارپوریشن کے مراکز پر بیج موجود نہ ہونے کے باوجود مبینہ طور پر اہلکاروں اور دلالوں کے ذریعے کسانوں کو مہنگے داموں بیج فراہم کرنے کی پیشکش کی جا رہی ہے۔ ارکان اسمبلی نے اس معاملے کی تحقیقات اور ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ دوسری جانب مقامی سطح پر کسانوں اور ڈیلروں کی جانب سے بھی زیادہ نرخوں پر بیج فروخت کیے جانے کی شکایات سامنے آ رہی ہیں، تاہم ان الزامات کی باضابطہ تصدیق اور ذمہ داروں کا تعین تحقیقات کے بعد ہی ممکن ہوگا دوسری جانب پنجاب اسمبلی کی پبلک اکاونٹس کمیٹی ون نے جولائی 2026 میں محکمہ زراعت اور اس سے منسلک اداروں کے آڈٹ اعتراضات کا جائزہ لیتے ہوئے مالی اور انتظامی بے ضابطگیوں کی تحقیقات کے احکامات جاری کیے تھے۔ آڈٹ رپورٹ میں پنجاب سیڈ کارپوریشن کے بیج کی خریداری، فروخت، سبسڈی فنڈز کے استعمال اور پیداواری کارکردگی سمیت مختلف معاملات پر سوالات اٹھائے گئے تھے۔ بعض فصلوں کی کم پیداوار، مہنگے داموں بیج خرید کر کم نرخوں پر فروخت کرنے اور مالی انتظامات میں ممکنہ بے ضابطگیوں کے معاملات بھی زیر بحث آئے تھے۔ کمیٹی نے سیکرٹری زراعت سے ان معاملات پر جامع انکوائری رپورٹ طلب کی تھی اسمبلی میں زرعی شعبے کی مجموعی صورتحال پر بحث کے دوران اپوزیشن ارکان کی جانب سے گندم کی خریداری، ذخیرہ اندوزی، سرکاری پالیسیوں اور سبسڈی کے نظام کا فرانزک آڈٹ کرانے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔ ارکان کا مو¿قف ہے کہ ماضی میں گندم کی سرکاری خریداری سے متعلق پالیسی میں تبدیلیوں اور مارکیٹ میں قیمتوں کے اتار چڑھاو¿ نے کسانوں کے اعتماد کو متاثر کیا ہے، جبکہ موجودہ صورتحال میں بیج کی بروقت فراہمی نہ ہونے سے گندم کی پیداواری منصوبہ بندی بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے زرعی حلقوں کے مطابق بیج کی تقسیم کے نظام میں کمزوری، طلب کے مطابق اسٹاک کی دستیابی یقینی نہ بنانا، سرکاری سیل پوائنٹس تک بروقت ترسیل میں رکاوٹیں اور نجی مارکیٹ میں قیمتوں کی مو¿ثر نگرانی نہ ہونا موجودہ صورتحال کی اہم وجوہات ہو سکتی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ گندم کی بوائی کا سیزن محدود مدت پر مشتمل ہوتا ہے اور اس دوران بیج کی عدم دستیابی کا نقصان صرف کسانوں کو نہیں بلکہ آئندہ فصل کی مجموعی پیداوار کو بھی متاثر کر سکتا ہے کسانوں اور زرعی ماہرین نے وزیراعلیٰ پنجاب، وزیر زراعت اور پنجاب سیڈ کارپوریشن کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ تمام سرکاری مراکز پر بیج کے دستیاب ذخیرے، تقسیم اور فروخت کا ریکارڈ عوام کے سامنے لایا جائے، مبینہ بلیک مارکیٹنگ میں ملوث اہلکاروں اور ڈیلروں کی نشاندہی کرکے شفاف تحقیقات کرائی جائیں اور کسانوں کو مقررہ سرکاری نرخوں پر تصدیق شدہ بیج کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ گندم کی بوائی متاثر ہونے سے بچائی جا سکے۔