پاکستان ،عمان میں پٹرولیم مصنوعات کی خرید و فروخت کا اہم معاہدہ طے

مسقط،اسلام آباد:(بیورورپورٹ،مشرق نیوز) پاکستان ،عمان میں پٹرولیم مصنوعات کی خرید و فروخت کا اہم معاہدہ طے پا گیا،معاہدے کے تحت عمانی کمپنی پی ایس او کو پٹرولیم مصنوعات کی خریداری کےلئے 200 ملین ڈالر کی کریڈٹ سہولت بھی فراہم کرے گی۔

وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے مسقط میں عمان کے وزیر توانائی و معدنیات انجینئر سالم العوفی سے ملاقات کی،دونوں ممالک کے درمیان توانائی، تیل، گیس ،معدنیات شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، دونوں وزرا نے پی ایس او ،او کیو ٹریڈنگ کے درمیان معاہدے کی تقریب میں بھی شرکت کی۔

معاہدے کے تحت پی ایس او کو پٹرولیم مصنوعات کی مسلسل فراہمی کےلئے باقاعدہ تجارتی فریم ورک قائم ہوگا،ملاقات میں پاکستان ،عمان کے درمیان آئل اینڈ گیس شعبے میں مشترکہ ورکنگ گروپ کے قیام کا خیرمقدم کیا گیا، دونوں وزرانے گروپ کے ذریعے توانائی ،معدنیات شعبوں میں تعاون مزید آگے بڑھانے پر اتفاق کیا۔