اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان کے ماہی گیری کے شعبے کو اہم برآمدی صنعت بنانے کیلئے پائیدار ماہی گیری، جدید ٹیکنالوجی، بہتر بنیادی ڈھانچے اور ویلیو ایڈیشن کو فروغ دے کر ماہی گیر برادریوں کے روزگار اور معاشی خوشحالی کو یقینی بنانا ہوگا۔عالمی یومِ ماہی گیری 2026 کے موقع پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کے ماہی گیری کے شعبے میں ترقی اور برآمدات بڑھانے کے وسیع امکانات موجود ہیں، مالی سال26۔2025کے جولائی تا مارچ کے دوران ملک میں مچھلی کی مجموعی پیداوار 6 لاکھ 42 ہزار 180 میٹرک ٹن رہی جس میں 4 لاکھ 27 ہزار 180 ٹن سمندری جبکہ 2 لاکھ 15 ہزار ٹن اندرونی آبی ذخائر سے حاصل ہوئی۔انہوں نے کہا کہ مالی سال 26۔2025کے دوران سمندری خوراک کی برآمدات سے 56 کروڑ 80 لاکھ ڈالر حاصل ہوئے، جو ملکی زرمبادلہ، روزگار اور ساحلی و اندرونِ ملک ماہی گیر برادریوں کیلئے معاشی مواقع پیدا کرنے میں اس شعبے کی بڑھتی ہوئی اہمیت کو ظاہر کرتے ہیں۔جنید انوار چوہدری نے کہا کہ صرف پیداوار اور برآمدات میں اضافہ ماہی گیری کے شعبے کی حقیقی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے کیلئے کافی نہیں، بلکہ ماہی گیری کے طریقوں کو جدید بنانے، بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے، نگرانی اور ضابطہ جاتی نظام مضبوط کرنے اور سمندری خوراک کی قدر میں اضافے کیلئے عملی اقدامات ضروری ہیں۔رواں سال عالمی یوم ماہی گیری کے موضوع تبدیلی کیلئے عوام کو بااختیار بنانا: ماہی گیری اور آبی زراعت میں باعزت روزگار کا فروغ، بالخصوص نوجوانوں اور خواتین کیلئے کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بلیو اکانومی کے اہداف کے حصول میں ماہی گیر برادریوں کو ترقی کے ثمرات سے مستفید کرنے کو ترجیح دینا ہوگی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ماہی گیروں کیلئے بہتر کام کے حالات، پیشہ ورانہ تحفظ، تکنیکی تربیت اور جدید ماہی گیری کی ٹیکنالوجی تک رسائی ضروری ہے،اس کے ساتھ خواتین اور نوجوانوں کیلئے سمندری خوراک کی پراسیسنگ، آبی زراعت، مارکیٹنگ، کاروبار اور ماہی گیری سے منسلک دیگر شعبوں میں روزگار اور کاروباری مواقع بڑھانے کی ضرورت ہے۔
پائیدار ماہی گیری اور جدید ٹیکنالوجی کا فروغ بلیو اکانومی کےلئے ناگزیر ہے:جنید انوار


















