کرپشن، اختیارات سے تجاوز کرنے والوں کی محکمے میں کوئی جگہ نہیں: آئی جی پنجاب

لاہور (کرائم رپورٹر) آئی جی پنجاب عبدالکریم کی زیر صدارت کرائم کنٹرول سے متعلق مسلسل چوتھا ہفتہ وار جائزہ اجلاس سنٹرل پولیس آفس میں منعقد ہوا جس میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کی روشنی میں تمام پولیس ریجنز اور اضلاع کی ہفتہ وار کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اے آئی جی مانیٹرنگ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گیا کہ پنجاب بھر میں سنگین جرائم کی وارداتوں میں کمی کا رجحان مسلسل چوتھے ہفتے بھی برقرار ہے۔ رواں ہفتے خواتین اور بچوں سے زیادتی، قتل، ڈکیتی، گاڑی چوری، راہزنی سمیت دیگر سنگین جرائم کی وارداتوں میں مجموعی طور پر کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے ہدایت کی کہ سنگین جرائم میں کمی کے رجحان کو برقرار رکھنے کیلئے تمام آر پی اوز اور ڈی پی اوز مو¿ثر اقدامات جاری رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ قتل، ڈکیتی، رابری، بچوں اور خواتین سے زیادتی، تشدد سمیت آرگنائزڈ کرائم کی سرکوبی پر خصوصی توجہ مرکوز رکھی جائے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق جرائم کی صورتحال کا ہفتہ وار باقاعدگی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔ آئی جی پنجاب نے لاپتا خواتین کی بازیابی کیلئے اقدامات مزید تیز کرنے اور سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوانے کیلئے چالاننگ کی شرح بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے قتل، ڈکیتی اور راہزنی سمیت سنگین جرائم کے اشتہاری ملزمان کی گرفتاری میں بھی تیزی لانے کا حکم دیا۔ آئی جی پنجاب نے واضح کیا کہ کرپشن، اختیارات سے تجاوز اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کڑا احتساب جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن سمیت غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث پولیس افسران و اہلکاروں کی محکمہ میں کوئی جگہ نہیں اور ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز سخت کارروائی جاری رہے گی۔ اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی انوسٹی گیشن محمد کامران خان، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز محمد علی نیکوکارا، ایم ڈی سیف سٹیز اتھارٹی محمد احسن یونس، اے آئی جی مانیٹرنگ، اے آئی جی آپریشنز اور اے آئی جی کوآرڈینیشن نے شرکت کی جبکہ سی سی پی او لاہور، ایڈیشنل آئی جی ساو¿تھ پنجاب، تمام آر پی اوز، سی پی اوز، ڈی پی اوز، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اور ڈی آئی جی انوسٹی گیشن لاہور سمیت متعلقہ افسران نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔