بلوچستان،خیبر پختونخوا میں حملے، کانسٹیبل شہید،متعدد افراد زخمی،3 دہشتگرد ہلاک

اسلام آباد،راولپنڈی،وانا،بنوں ،پشاور:(بیورورپورٹ)فتنہ الہندوستان کے دہشتگرد حواس باختہ، معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا شروع کردیا،سکیورٹی ذرائع کے مطابق فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں نے دالبندین این40 پر تفتان سے کوئٹہ جانےوالے ٹرک کو روک کر آگ لگا دی۔

دوسری جانب دہشتگردوں نے تفتان سے کوئٹہ جانے والی مسافر بس کو فائرنگ کانشانہ بنایا،ڈرائیور سمیت4 مسافر زخمی ہو گئے،جنوبی وزیرستان کے وانا بازار میں فائرنگ سے کانسٹیبل شہید ہوگیا،شناخت سلام دوتانی کے نام سے ہوئی۔

 ادھر بنوں میں امن جرگے پر کواڈ کاپٹر سے حملے ،فائرنگ سے متعدد افراد زخمی ہوگئے،پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لےکر سرچ آپریشن شروع کر دیا،دریں اثناپشاور کے علاقے متنی میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) ،سکیورٹی فورسز نے مشترکہ آپریشن کیا،فتنہ الخوارج کے 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے،شناخت عبدالرشید، سعید ،سعید نواب کے نام سے ہوئی۔

 سی پی او کے مطابق دہشتگرد سرکاری تنصیبات پر حملوں ،ملکی سالمیت کو نقصان پہنچانے کی منصوبہ بندی کررہے تھے،علاوہ ازیںمیرعلی کے علاقے حیدر خیل میں سکیورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران فتنہ الخوارج کا اسلحہ ،بارودی مواد کا بڑا ذخیرہ برآمد کرلیا۔