مانچسٹر (مشرق نیوز) برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر ٹیپو عثمان نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے مسائل کا حل اولین ترجیح ہے ، اوور سیز پاکستانی ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے پاکستانی قونصلیٹ کے زیر اہتمام کمیونٹی ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ بطور پاکستانی ہائی کمشنر چارج سنبھالنے کے بعد ان کا مانچسٹر کا یہ پہلا دورہ تھا جس میں پاکستانی کمیونٹی کے مختلف شعبہ ہائے زندگی کی ممتاز شخصیات کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ پاکستانی ہائی کمشنر ٹیپو عثمان نے کہاکہ پاکستانی ہائی کمیشن لندن اور اس کے ذیلی قونصلیٹ کے دروازے ہر خاص و عام کیلئے کھول دیئے گئے ہیںیہی وجہ ہے کہ اب ہر روز صبح ایک گھنٹہ واک ان سروس شروع کی گئی ہے تاکہ عوام الناس پہلے آئیں کی بنا پر بغیر اپائنٹمنٹ اور بغیر کسی سفارش کے اپنے قونصلر امور کی انجام دیہی کر سکیں ۔ قونصل جنرل آف پاکستان امتیاز فیروز گوندل نے پاکستانی سفیر عثمان ٹیپو کو مانچسٹر بطور ہائی کمشنر آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہاکہ مانچسٹراور گردو نواح میں آباد پاکستانی کمیونٹی انتہائی متحرک اور حساس ہے اور مختلف شعبہ زندگی میں ممتاز مقام حاصل کیا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ یہی وجہ ہے کہ ہمارے نارتھ ویسٹ برطانیہ میں پاکستانی ممبر پارلیمنٹ ہاﺅس آف لارڈز ، لارڈز میئرز ، میئرز اور نہ صرف کونسلرز ہیں بلکہ عدلیہ ، وکالت ، ہیلتھ اور اکاﺅنٹینسی میں بھی ہمارے لوگ ممتاز مقام رکھتے ہیں ۔اوورسیز پاکستان کمیشن کے چیئر مین اور صوبائی وزیر امجد ملک نے کہاکہ پاکستانی سفیر کا مانچسٹر اور دیگر علاقوں کا دورہ اور عوام الناس سے ملنا ان کے مسائل کا جاننا ایک خوش آئند قدم ہے اور مجھے ذاتی طورپر خوشی ہے کہ پاکستانی سفیر نے اپنے دورے مانچسٹر کے دور ان مختلف یونیورسٹیوں کے طالبعلموں کے وفود سے خصوصی ملاقات کی ہے ان کے مسائل جاننے اور ان کے حل سے متعلق کاوش کی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ پاکستانی سفیر کا یہ قدم انتہائی خوش آئند ہے ، برطانیہ میں زیر تعلیم طلبا پاکستان کا مستقبل ہیں اور لاکھوں روپے لگا کر یہاں پڑھنے آتے ہیں ۔ امجد ملک نے کہاکہ یہاں نرسز ، ڈاکٹرز کی بہت طلب ہے ہمیں امید ہے کہ پاکستانی نرسز اور ڈاکٹرز کیلئے ہائی کمشنر ممبرز پا رلیمنٹ اور برطانوی حکومت سے ملکر کوئی لائحہ عمل بنائیں گے ۔ تقریب میں مانچسٹر کے ممبر پارلیمنٹ افضل خان ، ہاﺅس آف لارڈز کے ممبر لارڈ راجہ حسین ، لارڈ میئر آف مانچسٹر کونسلر شوکت علی اور دیگر نے بھی خطاب کیا اور پاکستانی ہائی کمشنر اور پاکستانی قونصلیٹ مانچسٹر کی کاوش کو سراہا ہے۔
حکومت برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے مسائل کا حل ترجیح ہے :ہائی کمشنر

















