اسلام آباد :(بیورورپورٹ)وزیراعظم شہباز شریف ،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کادورہ سپارکو ،چین کے خلائی سٹیشن تیانگونگ پر موجود پاکستانی خلا باز ذیشان علی سے ویڈیو کال پر براہ راست رابطہ،حوصلہ بڑھایا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات عطا تارڑ ،چینی سفیر بھی موجود تھے،چیئرمین سپارکو نے وزیراعظم ،فیلڈ مارشل کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا سویلین و عسکری قیادت کی مسلسل حمایت اور تعاون سے تاریخی کامیابی ممکن ہوئی۔
شہباز شریف نے پاکستانی خلا باز ذیشان علی کو تاریخی خلائی مشن پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا دن پاکستان کے 24 کروڑ عوام کیلئے باعث فخر ہے ایسے نوجوانوں پر فخر ہے جن کے حوصلے ستاروں سے آگے پرواز کرتے ہیں،خلا باز کی تربیت ،تیاری میں معاونت کرنےوالے ماہرین کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں،ذیشان علی کی کامیابی نے نئی سرحدوں ،خلائی تحقیق کے نئے امکانات کے دروازے کھول دئیے ، محنت، مقصد سے وابستگی، مسلسل کوششوں ،غیر متزلزل عزم نے ذیشان علی کو تاریخی مقام تک پہنچایا، کامیابی پاکستان کو نئی بلندیوں تک لےجانے کے عزم کی عکاس ہے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ذیشان علی سے براہ راست گفتگو کرتے ہوئے کہا پوری قوم ،مسلح افواج کو تاریخی کامیابی پر فخر ہے،پاکستان کا سپوت خلا میں پہنچا اور عظیم کامیابی سمیٹی، پاک چین بے مثال دوستی ہمالیہ سے بلند، سمندروں سے گہری ،شہد سے میٹھی ہے،دونوں ممالک کی دوستی کائنات کی وسعتوں تک جاپہنچی،خلائی سٹیشن پر آپ کی موجودگی پاکستان ،چین کی آزمودہ سٹریٹجک شراکت داری کا قابل فخر ثبوت ہے، خلا میں موجودگی پاکستان کے نوجوانوں کےلئے علامہ اقبال کے ویژن کی عملی تعبیر ہے۔
خلا باز ذیشان علی نے کہا پاکستان کی نمائندگی کرنا انتہائی اعزاز اور فخر کی بات ہے، زمین سے 400کلو میٹر بلندی پر 7.9کلو میٹر فی سیکنڈ کی رفتار سے پاکستان کی نمائندگی کر رہا ،طے شدہ منصوبے کے مطابق ذمے داریاں بہترین انداز میں ادا کرنے کی کوشش کر رہا ہوں۔
وزیراعظم نے کہا ونگ کمانڈر ذیشان کے پر خلوص ،پرجوش الفاظ سن کر ہر پاکستانی کا دل فخر ، مسرت سے سرشار ہو گیا، آپ کا پیغام مشعل راہ ،نوجوانوں میں سائنس ،ٹیکنالوجی کے فروغ کےلئے نئی روح پھونک دے گا، چیئرمین سپارکو، ٹیم ،چائنا مینڈ سپیس ایجنسی کو شاندار کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں،خلائی مشنز و دیگر متعلقہ شعبوں میں پیشرفت کا نیا آغاز ہے، پاکستان سمجھتا ہے خلا کو پرامن مقاصد ،انسانیت کی بھلائی کیلئے استعمال ہونا چاہیے۔
شہبازشریف نے کہا خلائی سٹیشن پر تجربات پوری عالمی برادری کے سائنسی علم میں اضافے کا ذریعہ بنیں گے، آپ چینی ساتھیوں کےساتھ ملکر ایسے تجربات کر رہے ہیں جن سے عالمی سائنسی برادری مستفید ہوگی،پوری پاکستانی قوم آپ کی شاندار خلائی مہم کی کامیابی ،بحفاظت وطن واپسی کی منتظر ہے، تاریخی سنگ میل کو بنیاد بنا کر پاکستان مزید کامیابیاں حاصل اور نئی بلندیوں تک پہنچے گا۔
ذیشان علی نے کہا چین کے خلائی سٹیشن سے آپ سے براہ راست گفتگو میرے لیے انتہائی اعزاز کی بات ہے، حوصلہ افزا کلمات ،نیک تمناوں پر تہہ دل سے شکر گزار ہوں، کلمات سائنسی تحقیق کے کام میں مزید تحریک ،حوصلے کا باعث بنیں گے، چینی خلائی سٹیشن پر اپنے چینی ساتھیوں کےساتھ سائنسی تحقیق کا کام جاری رکھوں گا، حوصلہ افزائی مجھے خلائی سٹیشن پر تحقیقی ذمہ داریاں مزید بہتر انداز میں انجام دینے میں مدددیں گی، پاکستان ،چین کی دوستی کو مزید بلندیوں تک لے جانے میں اپنا کردار ادا کروں گا۔



















