کراچی :(بیورورپورٹ) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہاہے ترقی، سرمایہ کاری ،امن و امان میں بہتری ترجیح ہے، عوام صوبے کو تقسیم کرنے کی کوشش کامیاب نہیں ہونے دینگے۔
28ویں نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہاکراچی ملک کا ترقی پسند، معاشی طور پر متحرک اور سب کو ساتھ لےکر چلنے والا شہرہے،امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ،روزگار ،کاروبار کے وسیع مواقع موجود ہیں،کراچی پسماندہ ہوتا تو لوگ آ کر کیوں آباد ہوتے؟ سیاسی مخالفین منفی تاثر پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، دنیا کے خطرناک ترین شہروں کی فہرست میں کراچی کی درجہ بندی 2013 کے چھٹے نمبر سے بہتر ہو کر 138ویں نمبر پر آگئی ۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا تھر کول سے بجلی کی پیداوار، شاہراہ بھٹو ،انفراسٹرکچر کی بہتری صوبائی حکومت کی بڑی کامیابیاں ہیں، کراچی میں سائبر نائف کے ذریعے کینسر کا مفت علاج فراہم کیا جا رہا ہے ،این آئی سی وی ڈی میں دل کے امراض کے علاج کی وسیع سہولیات موجود ہیں،عالمی ڈونر اداروں کو سندھ حکومت پر اعتماد ،ترقیاتی منصوبوں میں شراکت داری کر رہے ہیں۔
مراد علی شاہ نے عمارت گرنے کے واقعہ کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے معاملے پر سخت ایکشن لیا، سیکرٹری بلدیات ،ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو عہدوں سے ہٹا دیا گیا ،عمارتوں کے نقشوں کی منظوری ،این او سی کےلئے تھرڈ پارٹی ماہرین کی خدمات لینے پر غور کیا جا رہا ہے، ایس بی سی اے میں بامعنی ،موثر اصلاحات متعارف کرائیں گے،سندھ مذہبی ہم آہنگی ،رواداری کا عملی نمونہ ہے، مسلمان ووٹروں نے ہندو نمائندوں کو منتخب کیا، پائیدار روزگار کے مواقع پیدا کرنے کےلئے صنعتی ترقی و نجی سرمایہ کاری ضروری ہے، دھابیجی، بدین و دیگر علاقوں میں سپیشل اکنامک زونز قائم کیے جا رہے ہیں۔



















