فضل الرحمن نے خود گرفتاری دی، جے یو آئی،پولیس نے تردید کردی

اسلام آباد،لاہور:(بیورورپورٹ،کرائم رپورٹر)جے یوآئی نے کہاہے قائد فضل الرحمن نے ملک کو خونریزی سے بچانے اور امن و امان کی خاطر بڑے فیصلہ کرتے ہوئے گرفتاری دی۔

ترجمان جے یو آئی اسلم غوری کے مطابق فضل الرحمن کو 11 گھنٹوں سے زائد ٹھوکر کے مقام پر محصور رکھا گیا، لاہور پولیس ،ضلعی انتظامیہ نے راستہ روکا، ڈی آئی جی لاہور کا واپس گھر جانے کا مشورہ قائد نے مسترد کردیابعد ازاں سی سی پی او لاہور آئے اورگرفتار کرنے کے احکامات سے آگاہ کیا،فضل الرحمن نے حکومتی عزائم کو بھانپتے ہوئے ٹکراو کی بجائے گرفتاری کو ترجیح دی، قائد جمعیت نے ملک کو تشدد ،انتشار سے بچایا۔

اسلم غوری نے کہا پارٹی کارکنوں نے گھنٹوں ملک بھر کی شاہراہوں پر دھرنے دئیے،حالات سنگین ہو رہے تھے، فضل الرحمن نے عوامی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے گرفتاری کا فیصلہ کیا،ضلعی انتظامیہ کی رکاوٹوں کے باعث لاہور کے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے، قومی و صوبائی شاہراہیں بند رہیں، پورے ملک ،قوم کے شکر گزار ہیں، عوام کو پہنچنے والی تکلیف پر معذرت خواہ ہیں، تحریک ،جدوجہد بدستور جاری رہے گی،آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان پارٹی قیادت باہمی مشاورت کے بعد کرے گی۔

دوسری جانب لاہور پولیس نے کہاسربراہ جے یو آئی کو نظربند یا گرفتار نہیں کیا گیا ،اپنی لاہور رہائش گاہ پر موجود ہیں۔