موقف بڑا واضح،صوبے کی تقسیم مرتے دم تک قبول نہیں،سندھ حکومت

کراچی :(بیورورپورٹ) سینئر صوبائی وزیر شرجیل میمن نے کہا ہے اسمبلی قراردادوں کی کوئی حیثیت نہ ہونے کی بات وہی شخص کر سکتا ہے جو میرٹ پر اسمبلی میں نہ آیا ہو،اسمبلی کی قدر نہ کرنےوالے کو ایوان میں بیٹھنے کا حق نہیں۔

سندھ اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا ووٹ لےکر کامیاب ہو کر آنےوالا اسمبلی کی توہین نہیں کر سکتا، توہین کی باتیں جعلی مینڈیٹ، فارم 47کی پیداوار اور چور دروازے سے ایوان میں آنےوالے لوگ ہی کر سکتے ہیں،صوبوں کی تشکیل یا تقسیم کا فیصلہ اسمبلیوں نے کرنا ہے، سندھ اسمبلی اپنا حتمی فیصلہ دے چکی ،صوبے کی تقسیم کسی صورت قبول نہیں، مرتے دم تک یہی موقف رہے گا،چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے واضح کیا پیپلز پارٹی نے کبھی تشدد کی بات نہیں کی،ماضی میںتشدد الطاف ،قریبی ساتھیوں نے کیا۔

سینئر صوبائی وزیر نے کہاسندھ اسمبلی 10مرتبہ قرارداد منظور کر چکی صوبے کو نئے صوبوں کی ضرورت نہیں، چیئرمین بلاول بھٹو کا بھی واضح موقف ہے کسی کو کسی فیصلے پر بحث کرنی ہے تو پارلیمنٹ میں کرے، قانون میں تبدیلی پارلیمنٹ کے ذریعے ہونی چاہیے، ٹاک شوز میں نہیں،سندھ میں بدانتظامی کے الزامات پروپیگنڈا ہیں۔