مکہ دفاعی اتحاد میں سٹرٹیجک تعاون کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے: سعودی وزیر دفاع

ریاض (مشرق نیوز) سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے وزیراعظم شہباز شریف کا استقبال اور شاندار مہمان نوازی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم سے ملاقات کرکے انہیں بے حد خوشی ہوئی۔ واضح رہے مکہ دفاعی اتحاد کی سٹرٹیجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کا دوسرا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان سیاسی، دفاعی اور سٹرٹیجک تعاون کو مزید وسعت دینے کے امور زیر غور آئے، اجلاس کا مقصد مشترکہ مفادات کے تحفظ، باہمی روابط کے فروغ اور عالمی امن و سلامتی کیلئے مشترکہ کوششوں کو مضبوط بنانا ہے۔
شہزادہ خالد بن سلمان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ اسلام آباد میں مکہ دفاعی اتحاد کے تحت سٹرٹیجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کے دوسرے اجلاس میں شرکت کے موقع پر وزیراعظم شہبازشریف سے ملاقات ہوئی۔
سعودی وزیر دفاع نے کہا کہ انہوں نے اجلاس میں شریک اعلیٰ حکام کو سعودی قیادت کی جانب سے خصوصی خیر سگالی کا پیغام پہنچایا، ملاقات اور اجلاس کے دوران اتحاد کے رکن ممالک کے درمیان سٹرٹیجک شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
شہزادہ خالد بن سلمان نے کہا کہ اجلاس میں استنبول اوراسلام آباد میں ہونے والے اجلاسوں کے نتائج کو آگے بڑھانے اور ان پر موثر انداز میں عملدرآمد کی اہمیت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مکہ دفاعی اتحاد کے رکن ممالک کے درمیان اسٹریٹجک تعاون کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے جبکہ اتحاد بین الاقوامی امن و سلامتی کے تحفظ میں بھی اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ سعودی وزیر دفاع نے وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ پرتپاک استقبال اور فراخ دلانہ میزبانی پر ان کے شکر گزار ہیں۔