لندن (مشرق نیوز) برطانوی شہزادے ہیری کی اہلیہ، امریکی اداکارہ میگھن مارکل نے اپنے بچوں شہزادہ آرچی اور شہزادی للیبیٹ کو سوشل میڈیا اور انٹرنیٹ کی دنیا سے دور رکھنے کا فیصلہ کر لیا۔ برطانوی میڈیا کے مطابق میگھن مارکل اپنے والد تھامس مارکل سینئر سے متعلق سامنے آنے والے سنگین الزامات کے بعد اپنے بچوں کے تحفظ کے حوالے سے فکر مند ہیں۔
رپورٹس کے مطابق رواں ماہ میگھن کے والد کو بچوں سے متعلق قابلِ اعتراض تصاویر کے الزامات پر گرفتار کیے جانے کی خبر سامنے آئی تھی۔ یہ مواد تھامس سینئر کے فلپائن میں واقع گھر سے مبینہ طور پر ان کے بیٹے تھامس مارکل جونیئر کو ملا تھا۔
ویب سائٹ ریڈار آن لائن کے مطابق میگھن نہیں چاہتیں کہ ان کے بچے اپنے نانا سے متعلق خبروں اور الزامات سے متاثر ہوں، اسی لیے وہ بچوں کی سوشل میڈیا تک رسائی محدود رکھنے اور انہیں انٹرنیٹ پر ایسی خبریں دیکھنے سے بچانے کا ارادہ رکھتی ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق میگھن مارکل چاہتی ہیں کہ آرچی اور للیبیٹ کو خاندان کے بڑوں سے متعلق معاملات کی حقیقت اس وقت بتائی جائے جب وہ اسے سمجھنے کے قابل ہوں، میگھن کا مقصد بچوں کو غیر ضروری تنقید، نامناسب مواد اور ذہنی پریشانی سے محفوظ رکھنا ہے۔



















