ڈی آئی خان ، ٹانک، تربت(مشرق نیوز) سکیورٹی فورسز کی ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک میں دو الگ الگ کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں میں تین اہم مطلوب خوارجین سمیت 8 خارجی جہنم واصل ہوگئے۔ ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقےدرابن میں کئے گئے آپریشن کے دوران اہم خارجی سرغنہ کلیم جان سمیت دو خارجی جہنم واصل جبکہ ضلع ٹانک کے علاقے جنڈولہ میں سیکیورٹی فورسز کی ایک اور کارروائی میں انتہائی مطلوب خارجی سرغنہ طاہرعرف ملنگ اور خارجی سرغنہ واحد عرف درویش سمیت 6 دہشت گرد جہنم واصل ہوئے۔
سکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے اور فتنہ الخوارج کے دیگر عناصر کے خاتمے کیلئے کارروائیاں جاری ہیں۔ دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام تک فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ بلاتعطل جاری رہیگا۔ سکیورٹی فورسزکی بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے تربت میں2 مختلف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں میں فتنہ الہندوستان کے 6 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
سکیورٹی فورسز نے تربت کے علاقے میرانی ڈیم میں کارروائی کی جس میں فتنہ الہندوستان کے 4 دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ علی گوہرام اورچہلم گاوں میں مشترکہ کارروائی کے دوران 2 دہشت گرد جہنم واصل ہوئے میرانی ڈیم کے علاقے میں کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے اورباردوی سرنگوں کو مکمل طور پر تباہ کردیا۔
میرانی ڈیم اورعلی گوہرام میں کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں سے بھاری اسلحہ، 60 کلوگرام دھماکہ خیز مواد، آئی ای ڈی سازوسامان، موٹر سائیکلیں، مواصلاتی آلات اور فتنہ الہندوستان کے جھنڈے سمیت دیگر سامان برآمد کیا گیا۔ سکیورٹی فورسزکی جانب سے بلوچستان میں امن و امان برقرار رکھنے اور فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کیلئے کارروائیاں جاری ہیں۔ دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام تک فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ بلاتعطل جاری رہیگا۔



















