خدشہ ہے خطے کی صورتحال کے باعث معاشی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا: بلاول بھٹو

اسلام آباد (مشرق نیوز) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ پاکستان معاشی بحران سے گزر رہا ہے اورخدشہ ہے کہ خطے کی صورتحال کے باعث معاشی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا۔ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ جمہوری، آئینی اورسیاسی طریقے سے مسائل حل کرنے چاہئیں،سیاسی کھینچا تانی سے عوامی فلاح کے منصوبے رک جاتے ہیں، ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھنا ہوگا،نوازشریف اور بینظیر بھٹو نے میثاق جمہوریت میں بھی یہی طے کیا تھا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ مشکل وقت میں پیپلز پارٹی پاکستان کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے،عوام کو مفت علاج کی سہولت فراہم کرنا پیپلز پارٹی کے منشور کا حصہ ہے، وسائل کی کمی کے باعث کسی کو علاج سے محروم نہیں رہنا چاہیے،غربت انسان کیلئے سزائے موت بن جاتی ہے۔
رحیم یارخان میں ایس آئی یوٹی فیز ون کے منصوبے کا آغاز کردیا ہے،ہماری کوشش ہےکہ ملک کے کونے کونے میں مفت علاج کی سہولت پہنچائی جائے،گمبٹ سے کراچی تک گردوں کا مفت علاج فراہم کیا جارہا ہے،جبکہ ایس آئی یو ٹی بھی مفت علاج کی سہولیات فراہم کرے گا۔
بلاول بھٹوکاکہنا تھا کہ عوام کے اصل مسائل مہنگائی اور بے روزگاری ہیں،سیاسی انتقام کے بجائے ان مسائل پر توجہ دینی چاہیے، حکومت کو قائل کریں گے کہ تمام معاملات باہمی رضامندی اور اتفاق رائے سے حل کئے جائیں۔