سعد رفیق کا’ ’کاروان بیداری“ کے نام سے تحریک شروع کرنے کا اعلان

لاہور:( اپنے رپورٹر سے)سابق وفاقی وزیر وسینئر رہنما ن لیگ نے نئی سیاسی جماعت بنانے کی تردید کرتے ہوئے ”کاروان بیداری“ کے نام سے تحریک شروع کرنے کا اعلان کردیا۔

سعدرفیق نے کہا نئے سال کے ابتدا میں کاروان بیداری تحریک لانچ کردی جائے گی، تحریک ہے کوئی نئی سیاسی جماعت نہیں بنائی، پارٹی قیادت کو آگاہ کر دیا ،میں یا رفقا نئی سیاسی جماعت نہیں بنا رہے، پروپیگنڈے ، خبریں، تجزئیے بے بنیاد ہیں،تحریک کو الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ نہیں کرایا جائیگا، قافلے میں شامل افراد کی سیاسی وابستگیوں پر کوئی پابندی نہیں، حق کو حق کہا جائیگا اور غلط کا ساتھ نہیں دیا جائیگا،افراد یا دھڑوں نہیں، آئین ،قانون کی حکمرانی چاہتے ہیں۔

لیگی رہنما نے کہاتحریک کا مقصد قومی زندگی کے مختلف شعبوں میں تحقیق، علم، غور و فکر، مکالمے ، کامیاب عالمی تجربات کی روشنی میں سیاسی، انتخابی، انتظامی، عدالتی، تعلیمی اور ادارہ جاتی اصلاحات تجویز کرنا ہے تاکہ گورننس کے فرسودہ نظام سے نجات پا کر پاکستان آگے بڑھ سکے،صلے کے طلبگار، جلد باز، چاپلوس، انتہا پسند، غیر جمہوری، منتقم مزاج، اقتدار کے بھوکے، کسی کلٹ کے فالوورز قافلے کا حصہ نہیں ہوں گے، سول سوسائٹی کو اپنے حقوق کی حفاظت، فرسودہ نظام سے نجات ،ریاست کو سب کےلئے ماں جیسا بنانے کےلئے اٹھنا، متحد ہونا اور جاگنا ہوگا۔