سڈنی کے ساحل پر یہودیوں کی تقریب پر فائرنگ ،حملہ آور سمیت12افراد ہلاک

سڈنی،اسلام آباد،واشنگٹن،برسلز،تہران:(مشرق نیوز،بیورورپورٹ)سڈنی کے ساحل پر یہودیوں کی تقریب پر فائرنگ ،حملہ آور سمیت12 افراد ہلاک، متعدد زخمی ہوگئے۔

سڈنی کے بیچ پر2ہزار سے زائد افراد یہودی تہوارمنانے کیلئے جمع تھے ،مسلح افراد نے گولیاں برسادیں،فائرنگ تقریباً 20 منٹ تک جاری رہی،لوگوں نے بھاگ کر جانیں بچائیں،زخمیوں میں بچے،پولیس اہلکار بھی شامل ہیں،متعدد کی حالت نازک ہونے کے بعد ہلاکتیں بڑھنے کاخدشہ ہے،ایک حملہ آور کو گرفتار کرلیا گیا،پولیس نے واقعہ کو دہشتگردی قرار دیتے ہوئے علاقے کو گھیرے میںلیکر تحقیقات شروع کردیں،گاڑی سے بارودی مواد بھی برآمد کرلیا۔

آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیزے نے واقعہ کو صدمہ اور تکلیف دہ قرار دیتے ہوئے کہا زخمیوں کی جان بچانے کےلئے بھرپور کوشش کررہے ہیں،بیچ میں سامنے آنے والے مناظر چونکا دینے والے ہیں،مزید معلومات ملتے ہی عوام کو آگاہ کیا جائےگا،شہری اپنے تحفظ کیلئے پولیس ہدایات پر عمل کریں۔

انتھونی البانیز نے کہا حملہ دہشتگردی ہے،یہودی کمیونٹی جمع ہوکر اپنا مذہبی تہوار جوش و خروش سے منارہی تھی،صرف یہودیوں کو نشانہ بنایا گیا ،مرنےوالے بیشتر آسٹریلوی شہری تھے،یہودی کمیونٹی سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں،آئندہ تحفظ کیلئے سخت اقدامات کیے جائیں گے،پولیس کی بروقت کارروائی اورفوری ایکشن کی وجہ سے بہت ساری جانیں بچ گئیں۔

آسٹریلیا کی مسلم کمیونٹی نے شدید مذمت کرتے ہوئے کہامعاشرے میں ایسے پرتشدد و مجرمانہ اقدامات کی کوئی گنجائش نہیں ،ذمہ داروں کو قانون کا سامنا کرتے ہوئے مکمل طور پر جوابدہ ہونا چاہیے۔

دریں اثنا صدر زرداری،وزیراعظم شہبازشریف نے آسٹریلوی حکومت ،عوام کےساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا پاکستان خود بھی دہشتگردی کا شکار رہا ہے، معصوم شہریوں پر حملے کی مذمت کرتے ہیں،مشکل گھڑی میں آسٹریلوی حکومت ،عوام کےساتھ کھڑے ہیں۔

دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہاواقعہ کی شدید مذمت کرتے ہےں، دعائیں متاثرین، یہودی کمیونٹی ،آسٹریلوی عوام کےساتھ ہیں،اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری انتونیو گوتریس نے کہاسڈنی کے بیج پر فائرنگ کے واقعہ پرخوفزدہ ہیں،یہودی تہوار پر جمع ہونے والوں پر حملے کی مذمت کرتا ہوں۔

یورپی یونین کی صدر نے کہا متاثرین کے اہلخانہ ،پیاروں سے دلی تعزیت کرتے ہیں،یورپ، آسٹریلیا ،یہودی برادری کےساتھ کھڑا ہے، یورپی یونین تشدد، یہود دشمنی ، نفرت کےخلاف متحد ہیں،ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے دہشتگردی اور انسانوں کا قتل عام جہاں بھی ہو مسترد کرتے ہیں ،حملہ قابل مذمت ہے۔