بین الاقوامی نگرانی میں غیر مسلح ہونے کے کسی نکتے پر غور نہیں کر رہے: حماس

غزہ (مشرق نیوز) غزہ جنگ بندی معاہدے کیلئے بین الاقوامی نگرانی میں غیر مسلح ہونے سے متعلق زیر گردش بیان پر فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کا موقف بھی سامنے آگیا ہے۔ عرب میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ حماس نے جنگ بندی معاہدے کیلئے بین الاقوامی نگرانی میں اسلحہ سپرد کرنے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔

تاہم ترک میڈیا کے مطابق حماس نے اسلحہ سپرد کرنے سے متعلق خبر کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم بین الاقوامی نگرانی میں غیر مسلح ہونے کے کسی نکتے پر غور نہیں کر رہے۔ دوسری جانب حماس، اسرائیل اور امریکی وفود آج مصر کے شہر شرم الشیخ میں مذاکرات کریں گے، مذاکرات کا محور صدر ٹرمپ کا 20 نکاتی امن منصوبہ ہوگا، اسرائیلی وفد مذاکرات کیلئے آج مصر روانہ ہوگا۔

امریکی صدر ٹرمپ کے داماد جیراڈ کشنر اور خصوصی ایلچی سٹیووٹکوف امریکہ کی نمائندگی کریں گے، بالواسطہ مذاکرات کیلئے حماس کے وفد کی آمد بھی متوقع ہے۔ واضح رہے کہ چند روز قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غزہ میں جنگ بندی کیلئے 20 نکاتی فارمولا پیش کیا تھا جس کے کئی نکات پر حماس نے آمادگی ظاہر کی تھی تاہم غزہ کے انتظام کے حوالے سے حماس کا کہنا تھا کہ غزہ کا انتظام فلسطینی ٹیکنو کریٹس پر مشتمل عبوری انتظامیہ کے سپرد ہونا چاہیے۔