مسئلہ کشمیر ترقی میں رکاوٹ،طبل جنگ بجانا ذمہ دارانہ عمل نہیں: رضوان سعید شیخ

اسلام آباد، واشنگٹن: (بیورو رپورٹ) امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر جنوبی ایشیا کے پسماندہ عوام کی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔انہوں نے کہا کہ حالیہ پاکستان، بھارت کشیدگی کے دوران امریکی قیادت کے بروقت اور موثر کردار کی وجہ سے جہاں سیزفائر کا قیام عمل میں آیا وہیں مسئلہ کشمیر ابھر کر دنیا کے سامنے آیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پاکستانی وفد کے دورہ امریکہ کے حوالے سے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

رضوان سعید شیخ نے کہاسفارتی، حکومتی ، فکری اور تعلیمی حلقوں کی توجہ کئی دہائیوں سے حل طلب مسئلے کی جانب مبذول ہوئی ہے۔ اعلیٰ سطحی پاکستانی وفد کی امریکی انتظامیہ، پالیسی سازوں و دیگر حلقوں سے ملاقاتوں میں اس معاملے کو مزید اجاگر کرنے میں مدد ملے گی۔

پاکستانی سفیر نے کہاکہا جنوبی ایشیا دنیا کا حساس ترین خطہ ہے جہاں کشیدگی کی تاریخ پائی جاتی ہے،بھارتی حکومت داخلی اور خارجی معاملات میں ہندوتوا کے دہشت گردانہ فلسفے پر عمل پیرا ہے، بھارتی قیادت کی جانب سے توسیع پسندانہ اور تسلط پسندانہ عزائم کا برملا اور مسلسل اظہار کیا جا رہا ہے۔