ٹرمپ نے اہم ایجنسیوں کے 17 انسپکٹرز جنرلز کو برطرف کردیا

واشنگٹن:(خواجہ فاروق)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اہم ایجنسیوں کے 17 انسپکٹرز جنرلز کو برطرف کردیا۔

واشنگٹن پوسٹ کے مطابق برطرف ہونےوالوں میں دفاع، ریاست، نقل و حمل، سابق فوجیوں کے امور، ہاوسنگ، اربن ڈیویلپمنٹ، داخلہ، توانائی محکموں کے حکام شامل ہیں،احکامات نے 17 ایجنسیوں کو متاثر کیا لیکن محکمہ انصاف کے انسپکٹر جنرل مائیکل ہورووٹز برطرفی سے محفوظ رہے،وائٹ ہاوس نے فوری طور پر رپورٹس پر رد عمل دینے کی درخواستوں کا جواب نہیں دیا۔

دریں اثنا ڈونلڈ ٹرمپ نے 3 بھارتی نژاد امریکیوں کو معاون خصوصی مقرر کردیا،رکی گل جنوبی اور وسطی ایشیائی امور کے سینئر ڈائریکٹر کی حیثیت سے قومی سلامتی کونسل (این ایس سی) پربھارت کےساتھ اہم معاملات طے کریں گے،سورابھ شرما صدارتی عملے کے دفتر میں فرائض سرانجام دینگے،سابق صحافی کش دیسائی وائٹ ہاوس میں ڈپٹی پریس سیکرٹری مقرر کردئیے گئے، ابلاغی حکمت عملی میں کردار ادا کریں گے۔

علاوہ ازیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسقاط حمل کے تحفظ کےلئے سابق صدر جو بائیڈن کے دستخط شدہ مزید2ایگزیکٹو آرڈرز کو کالعدم قرار دےدیا،ڈونلڈ ٹرمپ نے اسقاط حمل تک رسائی کیخلاف واشنگٹن میں ریلی نکالنے والے کارکنوں سے وعدہ کیا وہ اسقاط حمل کےخلاف تحریک کے تاریخی فوائد کی حفاظت کریں گے۔