دمشق (مشرق نیوز) بشار الاسد کی حکومت کے خاتمے کے بعد شامیوں کے ذہن میں ان تمام سانحات کی یاد تازہ ہوگئی ہے جو سابق حکومت کے دور میں پیش آئے تھے۔ قتل و غارت، گرفتاریوں اور کیمیائی ہتھیاروں سے شہریوں کو مارنے کے حوالے سے بھی بحث دوبارہ شروع ہو رہی ہے۔ عرب ٹی وی کی ٹیم نے دمشق کے دیہی علاقوں میں الغوطہ کے علاقے کا دورہ کیا جہاں کیمیائی ہتھیاروں سے بمباری کی گئی تھی۔ سیریئن نیٹ ورک فار ہیومن رائٹس کے مطابق اس بمباری کے نتیجے میں 200 سے زائد بچوں اور خواتین سمیت تقریبا 1450 شہری ہلاک اور 6000 دیگر زخمی ہوئے تھے۔اس سانحہ کے حوالے سے ایک مقامی رہائشی نوجوان نے بتایا کہ 21 اگست 2013 کو حکومت نے مشرقی اور مغربی الغوطہ کے قصبوں پر حملہ کیا تھا۔ ان قصبوں میں زملا، عربین اور المعضمی شامل تھے۔ درجنوں میزائلوں سے کیے گئے اس حملے میں سارین گیس بھی استعمال کی گئی تھی۔نوجوان نے مزید کہا کہ انہیں صبح 1:30 بجے ایک سرکلر موصول ہوا جس میں بتایا گیا کہ کیمیائی حملہ کیا گیا ہے۔ یہ حملہ اس علاقے میں کام کرنے والے طبی عملے کی ہلاکت کے بعد کیا گیا۔ مرنے والوں میں کوریج کرنے والے میڈیا کے افراد بھی شامل تھے۔مقامی رہائشی نے جو ہوا اسے یاد کرنے کی کوشش کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ان پیرامیڈیکس میں شامل تھا جنہوں نے لوگوں کو ہسپتالوں میں پہنچایا۔ اس وقت زخمیوں کی تعداد بہت زیادہ تھی جن میں بچے، خواتین اور بوڑھے شامل تھے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ اس حملے میں لوگوں کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ سو رہے تھے۔ کیمیائی بمباری کے ساتھ توپ خانے کی گولہ باری بھی کی جارہی تھی۔انہوں نے کہا جو کچھ میں نے دیکھا اسے کبھی بھی بھول نہیں سکوں گا۔ انہوں نے بتایا کہ اس دن مردہ بچوں اور دیگر مرنے والے افراد کے منہ سے جھاگ نکل رہی تھی۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ اس دن کے خراب حالات نے پیرا میڈیکس کو لاشوں پر نمبروں والے کاغذات چسپاں کرنے پر مجبور کیا تھا۔
بشار حکومت نے شامیوں کو کیمیائی ہتھیاروں سے ہلاک کیا،نئے انکشافات



















