خودمختار کشمیر کے نام سے اقوام متحدہ کے باہر احتجاجی مظاہرہ

نیویارک (خواجہ فاروق) ”خودمختار کشمیر“ کے نام سے اقوام متحدہ کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ سردار راشد خان، قاسم کھوکھر، خواجہ زرین خان، شفیق راجہ، طارق سردار، وکیل خان، اورنگزیب، چودھری افتخار، پروفیسر رفیق بھٹی، رشید بھٹی، خالد محمود مغل، سردار انور خان اور راجہ مختار اعجاز خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سے الحاق قبول نہیں، ”خودمختار کشمیر “چاہیے،حق خودارادیت کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے، مقصد کے حصول کیلئے کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا،رپورٹ کے مطابق احتجاجی مظاہرہ پاکستان کیخلاف سازش اور سفارتکاروں کی بدترین نااہلی ہے، فنڈنگ بھارتی لابی کی جانب سے کی گئی،مودی حکومت مقصد حاصل کرنے کیلئے پیسے کابھرپور استعمال کررہی ہے اور پاکستانی سفارتکار صرف اورصرف اپنے مفادات کیلئے سرگرم ہیں۔ اقوام متحدہ میں مستقل پاکستانی مندوب منیر اکرم، قونصل جنرل نیویارک عامر اتوزئی اور پریس قونصلر امانت علی نے علم ہونے کے باوجود احتجاج رکوانا گوارا نہ کیا۔ پاکستانی کمیونٹی اور کشمیریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا نااہل سفارتکاروں نے پاکستان کی شہ رگ کشمیر کو پس پشت ڈال دیا، ”خودمختار کشمیر “کے نام سے ہونے والے احتجاجی مظاہرے کی تحقیقات کرکے ذمہ داروں کیخلاف سخت ایکشن لیا جائے۔