گلوبل انڈرگریجویٹ ایکسچینج پروگرام، پاک، امریکہ مضبوط شراکت داری کا ثبوت ہے : فریحہ بگٹی

واشنگٹن (خواجہ فاروق) امریکہ میں پاکستانی سفارتخانے نے گلوبل انڈرگریجویٹ ایکسچینج پروگرام فال سمسٹر2024 کیلئے منتخب کئے گئے 54 پاکستانی طلبہ کیلئے استقبالیہ کا اہتمام کیا۔ یہ پروگرام امریکی یونیورسٹیوں میں پاکستان کے کم نمائندگی والے شعبوں کے نمایاں طلبہ کو امریکی یونیورسٹیوں میں انڈرگریجویٹ تعلیم حاصل کرنے کیلئے مکمل سکالرشپ فراہم کرتا ہے۔ اس سمسٹر میں امریکہ کی 29 ریاستوں کے 48 یونیورسٹیوں میں پاکستان کے 54 طلبہ جن میں 37 خواتین اور 17 مرد شامل ہیں، شرکت کریں گے۔سفارتخانہ آنے والے وفد میں کیرین سٹینر، سٹرٹیجک پروگرام اور ریسورس کوآرڈینیٹر برائے جنوبی اور وسطی ایشیا، پریس اور پبلک ڈپلومیسی آفس ٹریسا مسترینجلو، سینئر پروگرام آفیسر برائے جنوبی اور وسطی ایشیائی فل برائٹ پروگرام؛ اورمائیکل ڈائر، سینئر پروجیکٹ ڈائریکٹر انٹرنیشنل ریسرچ اینڈ ایکسچینج بورڈ اور امریکی محکمہ خارجہ کے نمائندے بھی اس تقریب میں شامل ہوئے۔چارج ڈی افیئرز ڈاکٹر فریحہ بگٹی نے طلبہ کا پرتپاک استقبال کیا اور پاکستان اور امریکہ کے مابین مضبوط دوطرفہ تعلقات، بشمول تمام اہم تعلیمی شعبہ جات جو دونوں ممالک کے مستقبل کا سرمایہ ہے، پر روشنی ڈالی - انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان باہمی افہام و تفہیم اور تعاون کو فروغ دینے میں تعلیم کی اہمیت پر زور دیا۔ چارج ڈی افیئرزنے گلوبل انڈرگریجویٹ ایکسچینج UGRAD پروگرام2024 کے وفد کی تعریف کی، جس میں لسبیلہ بلوچستان سے ہنزہ گلگت بلتستان تک پاکستان بھر کے طلبہ شامل تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام نے اپنے آغاز سے لےکراب تک 2500 سے زائد نوجوانوں کی تربیت کی ہے اور لوگوں کےدرمیان روابط استوارکرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ پاکستانی طلبہ کی محنت اور پاکستان کی بہتری میں کردارادا کرنے کی خواہش کو سراہتے ہوئے چارج ڈی افیئرزنےاس بات پرزوردیا کہ وہ ثقافتی سفیر بن کراپنے کردارکے ذریعے پاکستان کے متحرک اور متنوع معاشرے کو اپنے امریکی ساتھیوں تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کریں۔ گلوبل UGRAD پروگرام2024 پاکستان اور امریکہ کے درمیان مضبوط شراکت داری کا ثبوت ہے، جو تعلیمی مہارتوں اور قائدانہ صلاحیتوں کی تعمیر اور ثقافتی تفہیم کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز کرتا ہے۔ اپنے خطاب میں کیرین سٹینر اور ٹریسا مسترینجیلو نے طلبہ کو ان کے انتخاب پر مبارکباد دی اوران کی حوصلہ افزائی کرتےہو¿ے کہا کہ وہ اپنی میزبان برادری کے ساتھ فعال طور پر مشغول ہوں۔ انہوں نے کہا کہ یہ طلبہ پاکستان کی بہترین نمائندگی کرتے ہیں اور امریکہ میں اپنے وقت کے دوران اپنے ملک کے سفیر کے طور پر کام کریں گے۔ اپنے تجربے کا اظہار کرتے ہوئے طلبہ نے نئی مہارتیں حاصل کرنے کیلئے اپنے عزم کا اظہار کیا جس سے ان کی واپسی پر پاکستان کو فائدہ پہنچے گا۔ گلوبل UGRAD پروگرام کو امریکی محکمہ خارجہ کے بیورو آف ایجوکیشنل اینڈ کلچرل افیئرز نے سپانسر کیا ہے اور اسے یونائیٹڈ سٹیٹس ایجوکیشنل فاو¿نڈیشن ان پاکستان (USEFP) اور انٹرنیشنل ریسرچ اینڈ ایکسچینج بورڈ (IREX) کے ذریعے لاگو کیا گیا ہے۔