امریکہ، سفارتکاروں کا نام نہاد احتجاج کشمیریوں کےساتھ ایک اور مذاق

نیویارک (خواجہ فاروق) امریکہ میں نااہل سفارتکاروں کا نام نہاد احتجاج کشمیریوں کےساتھ ایک اور مذاق، مخصوص صحافی اور سرعام خودمختار کشمیر کا پرچار کرنےوالے مدعو، اوورسیز پاکستانی و کشمیری برہم، حکومت سے فوری آپریشن کلین اپ کا مطالبہ کردیا۔ پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم استحصال پرکشمیریوں سے بھرپور اظہار یکجہتی کیا گیا مگر امریکہ میں نام نہاد احتجاج کی روایت برقرار رہی۔ کشمیریوں، پاکستانیوں اور حکومت کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کیلئے رسمی پروگرام رکھا گیا۔ قونصل جنرل نیویارک عامر اتوزئی اور یواین میں مستقل پاکستانی مندوب منیر اکرم نے چندمخصوص صحافیوں و سرعام خودمختار کشمیر کا پرچار کرنےوالوں کو مدعو کرکے کشمیریوں، کمیونٹی کو دل کو شد ید ٹھیس پہنچائی، دونوں نااہل سفارتکار قائداعظم کے فرمان کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، کو تسلیم کرنے سے انکاری ہیں۔ ممتاز کشمیری رہنما ڈاکٹر افضل، ممتاز قانون دان افتخار تارڑ، چودھری ایم علی، ایم عمران، ڈاکٹر فرحان خان کنڈی اور اوورسیز پاکستانیز نے وزیراعظم شہبازشریف اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ جیسے سپر پاور ملک میںمسئلہ کشمیر کو مسلسل نظر انداز کرنے، کمیونٹی، کشمیری برادری، صحافیوں کو گروپ میں تقسیم کرنے کا فوری نوٹس لیکر آپریشن کلین اپ کریں۔ منیر اکرم کو ماضی پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں صدر آصف زرداری نے مبینہ سکینڈل سامنے آنے پر عہدے سے ہٹایا تھا مگر مخصوص لابی کی حمایت کے باعث دوبارہ تعینات ہوگئے۔ عوامی حلقوں نے کہا کہ منیر اکرم کی دوبارہ تعیناتی اور مسئلہ کشمیر وملکی مفاد کو پس پشت ڈالنے کے باوجود عہدے پر برقرار رکھنا سوالیہ نشان ہے۔ منیر اکرم کا مقصد صرف ذاتی مفادات کا حصول ہے، فوری طور پر ہٹایا جائے ورنہ مسئلہ کشمیر مزید کمزور ہوگا اور امریکہ بھر میں حکومت کیخلاف نفرت مزید بڑھے گی۔ اوورسیز نے مزید کہا کہ یواین او میں تعینات وزارت اطلاعات کے ماتحت پریس منسٹر امانت علی بھی صحافیوں کو گروپوں میں تقسیم کرنے میں پیش پیش ہیں۔ مخصوص صحافیوں کاوٹس اپ گروپ بناکر صرف خانہ پری تقاریب و پروگرام کئے جاتے ہیں، گروپ میںخودمختار کشمیر کاپرچار کرنے والے بھی شامل ہیں۔ کمیونٹی نے کہا کہ امانت علی کیخلاف ایکشن بھی ناگزیر ہے، حکومت فوری طور پر نااہل سفارتکاروں سے جان چھڑانے کیلئے آپریشن کلین اپ کرے۔