غزہ،ریاض،اسلام آباد(نمائندہ خصوصی،بیورورپورٹ)عرب لیگ،او آئی سی نے غزہ میں فوری جنگ بندی کامطالبہ کردیا۔
عرب میڈیا کے مطابق غزہ کی صورتحال پر اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) اور عرب لیگ کا مشترکہ ہنگامی اجلاس ریاض میں ہوا،سعودی ولی عہد محمد بن سلمان، ایرانی صدر ابراہیم رئیسی، فلسطینی صدر محمود عباس، امیر قطر و دیگر ممالک کے سربراہوں سمیت نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے بھی شرکت کی،اجلاس کے دوران غزہ میں قتل عام پر عالمی برادری کی بے حسی پر افسوس ،فوری جنگ بندی اور اسرائیل سے محاصرہ ختم کرنے کا مطالبہ کیاگیا۔
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے افتتاحی خطاب میں کہا غزہ میں جنگ کو مسترد کرتے ہیں، یرغمالیوں کی رہائی یقینی ، غزہ کا محاصرہ ختم اور انسانی امداد کی اجازت دی جائے،غزہ کی ناخوشگوار صورتحال پر مربوط اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔
ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے کہا غزہ کے مسئلے کا حل تلاش کرنا ہے، فلسطین امت مسلمہ کے فخر کا نشان ہے، اسرائیل غزہ میں بمباری کے ذریعے نئی نسل کو ختم کررہا ہے وہاں ہونےوالا ظلم تمام عالمی قوانین کا مذاق اڑا رہا ہے، اسرائیلی جارحیت سے 11 ہزار سے زائد نہتے شہری شہید ہوچکے ، غزہ کو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنادیا گیا ،عالمی برادری سے سوال ہے غزہ کے شہدا کا کیا قصور ہے۔
ابراہیم رئیسی نے کہافاشسٹ ملک امریکہ اسرائیل کی حمایت کرکے جنگی جرائم میں شریک ہورہا ہے اورغزہ کو تباہ کرنے کےلئے اسرائیل کو بڑے پیمانے پر جنگی ہتھیار ،رقومات فراہم کررہا ہے، اسرائیلی جارحیت روکنے کےلئے مشترکہ لائحہ عمل بنانا ہوگا، اسرائیل غزہ پر 7ایٹم بموں کے برابر بمباری کرچکا،خطے کی تاریخ میں فیصلہ کن وقت ہے۔
ایرانی صدر نے مزید کہااسرائیل کے جنگی جرائم کا مقابلہ کرنا ہوگا، خطے میں ہونےوالی تمام کارروائیوں میں امریکہ کا ہاتھ ہے ،دہشتگرد اسرائیل فوری طور پر غزہ سے باہر نکل جائے،اسرائیل کےخلاف مزاحمت کے سوا کوئی دوسرا راستہ نہیں، فلسطینی مزاحمت کاروں کے ماتھے اور ہاتھ چومنے کی ضرورت ہے،او آئی سی کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طہٰ نے کہا معصوم فلسطینیوں کا قتل عام بند کیا جائے، غزہ میں فوری جنگ بندی کرکے اسرائیلی فوج غزہ کا محاصرہ ختم کرے۔
فلسطینی صدر محمود عباس نے کہا اسرائیل کو اپنی فوج پر گھمنڈ ہے وہ فلسطینیوں کو ختم کردے گا لیکن فلسطینی عوام اسرائیل کی بدترین جارحیت کا بہادری سے مقابلہ کررہے ہیں،وحشیانہ بمباری سے ہزاروں فلسطینی شہید اور زخمی ہوچکے ، میرا دل ہزاروں معصوم بچوں کے قتل عام پر بے حد افسردہ ہے لیکن زیادہ افسوس عالمی برادری کی بے حسی پر ہے،محمود عباس نے کہا اسرائیل غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کررہا ہے، اسرائیلی فوج کو جنگی جرائم کی عدالت میں لایا جائے۔
،ترکیہ کے صدر طیب اردگان نے کہاغزہ کی صورتحال پر مشترکہ اجلاس بلانے پر سعودی ولی عہد کے شکر گزار ہیں، غزہ میں معصوم بچوں کی بکھری لاشیں دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے، اسرائیلی قابض افواج نے فلسطینی بھائیوں پر ظلم کی انتہا کردی ،اسرائیلی مظالم کبھی نہیں بھولیں گے،پیرس میں چند افراد کی ہلاکت پر عالمی برادری متحد ہوگئی تھی لیکن غزہ میں اسرائیلی بمباری و اتنے بڑے قتل عام پر دنیا بھر کی خاموشی شرمناک ہے، اسرائیلی حکام غزہ میں ہونے والے مظالم کے ذمہ دار ہیں،مسجد اقصیٰ ریڈ لائن ہے، اپنی زمین کا تحفظ کرنیوالی حماس کو قابضین جیسا نہ سمجھاجائے،اردگان نے کہاوقفہ کافی نہیں، مستقل جنگ بندی کی جائے، اسرائیل ،حکام کو غزہ میں جرائم کاذمہ دار ٹھہرایا جائے،اسرائیل غزہ میں جنگ کے نقصانات کا ازالہ کرے، اسرائیل کے جوہری ہتھیار خطے کیلئے خطرہ ہیں، آئی اے ای کو بھی ایٹمی طاقت اسرائیل کے اقدام کا نوٹس لینا چاہیے۔
امیر قطر تمیم بن حمد الثانی نے کہا اسرائیلی فوج کی غزہ میں ہسپتالوں، شہریوں پر بمباری کی شدید مذمت کرتے ہیں، دنیا اسرائیلی مظالم پر خاموش تماشائی بنی ہے، قتل عام کسی صورت قابل قبول نہیں جو کچھ ہورہا ہے تاریخ میں مثال نہیں ملتی، کون تصور کرسکتا ہے 21ویں صدی میں ہسپتالوں میں بمباری ہوگی، اسرائیل کی جارحیت پرسکتہ طاری ہے دل ٹوٹے ہوئے ہیں، ریاست قطر فلسطینیوں کے مقاصد کے حصول کےلئے کےساتھ ہے۔
انڈونیشیا کے صدر جوکوویدودو نے کہااسرائیل سے عالمی قوانین کی پاسداری کا مطالبہ کرتے ہیں، انڈونیشیا مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کا مطالبہ پیش کرتا ہے،شاہ عبداللہ دوم نے خطاب کرتے ہوئے کہا اسرائیل فلسطینیوں پر پچھلے 70 سال سے مظالم ڈھا رہا ہے، اسرائیلی فوج غزہ کے سکولوں، ہسپتالوں ، شہری آبادیوں کو بھی نشانہ بنا رہی ہے،اردن مشکل صورتحال میں فلسطینی بھائیوں کی امداد ،مکمل حمایت جاری رکھے گا، جنگ بندی کےلئے سنجیدہ کوششوں کی ضرورت ہے، دنیا کے کسی بھی مذہب میں معصوم شہریوں کا قتل عام سنگین جرم تصور کیا جاتا ہے۔
مصر ی صدر عبدالفتاح السیسی نے کہا اسرائیل کی طرف سے غزہ پر جاری بمباری کو فوری طور پر بند ہونا چاہیے، عالمی برداری کو مسئلے کے حل کےلئے سیاسی و سفارتی کردار ادا کرنا چاہیے،غزہ کے عوام کیلئے امداد کی فراہمی کو فوری بحال کیا جائے، بمباری فوری طور پر بند ہونی چاہیے، مصر قیام امن کےلئے کی جانے والی تمام کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔
نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا اسرائیل نے غزہ کو جہنم بنا دیا،قتل عام فوری روکا جائے، غزہ پر اسرائیلی بمباری سے ہسپتال، سکول اور اقوام متحدہ کے دفاتر بھی محفوظ نہیں رہے، اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہیں،انوار الحق کاکڑ نے کہاغزہ میں فوری طور پر انسانی ہمدردی کے تحت امداد کی فراہمی یقینی بنائی جائے، فلسطینیوں کا قتل عام رکنا چاہیے، سیکرٹری جنرل یواین کی جنگ بندی کوششوں کو سراہتے ہیں،سلامتی کونسل پر غزہ میں قتل عام رکوانے کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے فلسطینیوں کی نسل کشی کی جا رہی ہے، ناانصافی و معصوم شہریوں کا قتل عام مزید تنازعات کو جنم دے گا، عالمی قانون بےگناہ شہریوں کے قتل عام سے روکتا ہے۔
قبل ازیں فلسطینی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے عالمی برادری کے تمام اراکین ،ذمہ دار حکومتوں سے غزہ و مغربی کنارے میں تشدد کے فوری خاتمے میں مدد کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاانسانی ہمدردی کی راہداری کو کھولا جانا چاہیے ،زخمیوں کو علاج،پینے کے پانی کی ضرورت ہے ،خوراک کی قلت کو دور کرنا ہوگا۔
انوار الحق کاکڑ نے کہاانسانی تصور سے باہر ہے 21ویں صدی میں انسانی آبادی کو ایسے وحشیانہ و غیر انسانی تجربات سے کیسے گزرنا پڑا،روکنا چاہیے اور دنیا بھر میں ہر ایک کو احساس ہونا چاہیے انسانوں کی بات کر رہے ہیںیہاں تک اگر آپ شکار کی مہم پر جاتے ہیں اور 21 ویں صدی میں جانوروں کو مارنا چاہتے ہیں تو آپ کو کچھ اصول و ضوابط پر عمل کرنا ہوگا،کوئی بھی عالمی قانون سے بالاتر نہیں ،ہر ریاست کو ذمہ دار حکومت کے طور پر بین الاقوامی انسانی قانون و دیگر قوانین کے مطابق اپنا طرز عمل اختیارکرنا ہوگا،دفاعی کمزور لوگوں پر فوج کی طاقت کا استعمال بالکل ناقابل قبول ہے۔
مزید برآں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ریاض میں فلسطینی صدر محمود عباس کےساتھ ملاقات کی اورفلسطینی عوام کےساتھ پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اظہار کیا۔
موسمیاتی تبدیلی بڑا خطرہ،چیلنج سے نمٹنے کیلئے وفاق ،صوبوں کو ملکر کام کرنا ہوگا، وزیر خزانہ
سعد رفیق کا’ ’کاروان بیداری“ کے نام سے تحریک شروع کرنے کا اعلان
نئے صوبوں پر پارلیمنٹ میں اتفاق رائے سے آگے بڑھنا چاہئے، رانا ثنا
فلسطینیوں کو حق خودارادیت، انصاف ،وقار ملنا چاہیے،سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ
کوہلو ،11 مزدور اغوا کے بعد قتل،ڈی آئی خان،سابق پولیس افسر کے گھر پردستی بم حملہ،بھتیجا جاں بحق
کدھر گئے آپ کے لوگ؟،عدلیہ فضل الرحمن سے منی ٹریل لے، رانا سکندر حیات
پنجاب حکومت نے فضل الرحمن کو پھر نظر بند کر دیا، جے یو آئی
کفایت شعاری ،محسن نقوی کا لاہور سے دبئی تک اکانومی کلاس میں سفر
ن لیگ کااپنا منشور اور پالیسی ، کسی سے ڈکٹیشن لینے کی ضرورت نہیں،عظمیٰ بخاری
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کاایس اے پی سسٹم نافذ کرنے کا معاہدہ



















