غزہ کے ہسپتال قبرستان بن چکے،فلسطینی مندوب رو پڑے

نیویارک (مشرق نیوز)اقوام متحدہ میں فلسطینی نمائندے ریاض منصور نے بتایا ہے کہ اسرائیل نے فلسطین کے 3000بچوں اور 1700خواتین کو ابدی نیند سلا دیا ہے اور اب بھی غزہ پر خوفناک بمباری جاری رکھے ہوئے ہے۔غیرملکی خبررساں ادار ے کے مطابق اقوام متحدہ میں اپنی تقریر کے دوران ریاض منصور رو پڑے۔ انہوں نے روتے ہوئے مزید کہا غزہ کی پٹی میں پورے پورے محلے تباہ ہو گئے اور خاندانوں کے خاندان ملیا میٹ کر دئیے گئے ہیں۔ انہوں نے اپیل کی کہ غزہ پر بمباری بند کی جائے اور بچوں اور شہریوں کی جانوں کو بچایا جائے۔انہوں نے خبردار کیا کہ غزہ پر بمباری بند نہ ہوئی تو خطے میں تنازعہ مزید پھیل جائےگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ غزہ میں تباہ کے بعد 1600سے زیادہ بچے اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔ فلسطینیوں کے پاس واپس جانے کے لیے کوئی گھر نہیں بچا ہے۔آبدیدہ ہوجانے والے ریاض منصور نے کہا غزہ میں عبادت گاہوں اور یو این آر ڈبلیو اے کے سکولوں کو بھی اسرائیل کی بمباری سے محفوظ نہیں رکھا گیا۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں کی تباہی کے بعد واپس جانے کیلئے کوئی گھر نہیں بچا ہے۔اس نے حیرت سے کہا کہ کچھ لوگ اسرائیل کیلئے اتنا درد کیوں محسوس کرتے ہیں اور فلسطین کی طرف تھوڑا؟ مسئلہ کہاں ہے؟ جلد کا رنگ، مذہب یا اصل؟ انہوں نے نشاندہی کی کہ اسرائیل بین الاقوامی قوانین کو ہر ایک پر لاگو کرنا چاہتا ہے لیکن خود پر نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے غزہ کی پٹی میں 14لاکھ سے زیادہ لوگوں کو بے گھر کیا۔